ایکنا نیوز- ایران ریڈیو کے مطابق عوام نے دارالحکومت امّان میں احتجاجی مظاہرہ کرکے اردن سے صیہونی حکومت کے سفیر کو نکال باہر کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اردنی عوام نے آج امّان کے علاقے دیر علا میں مظاہرہ کرتے ہوئے مسجدالاقصی پر حملہ کرنے سے متعلق صیہونی حکومت کے اقدامات کی شدید مذّمت کی۔ مظاہرین نے اسی طرح اردن اور صیہونی حکومت کے درمیان وادی عربہ سمجھوتہ، منسوخ کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ اردن کے گروہ اخوان المسلمین ایگزیکیٹو کمیٹی کے رکن سعود ابومحفوظ نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی حکومت، مسجدالاقصی کے نیچے کھدائی اور اسی طرح صیہونیوں کی جانب سے فلسطینی نمازیوں کو نشانہ بنائے جانے کی روک تھام کیلئے کوئی کوشش نہیں کررہی ہے جبکہ صیہونی آبادکاروں کی جانب سے مسجدالاقصی پر حملے اور فلسطینی نمازیوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔