ایکنا نیوز-شفقنا-جمعرات کے روز اپنے بیان میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے سعودی عرب کے ممتاز عالم دین آیت اللہ نمر باقر النمر کو دی جانیوالی سزائے موت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ باقر باصلاحیت، صاحب علم و دانش اور ممتاز عالم دین ہیں ان کی خدمات قابل قدر ہیں جنہوں نے ہمیشہ اتحاد امت کیلئے خدمات انجام دیں ۔ کسی بھی معاملے پر مختلف نکتہ نگاہ یا اختلاف رائے جمہوری حق ہے یہ معاملہ ایسا نہیں کہ جو ناقابل برادشت ہو اس لئے مفاہمت کی پالیسی اپناتے ہوئے سعودی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور سزائے موت کو معطل کیا جائے کیونکہ اس اقدام سے امت میں اضطراب بڑھ رہا ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے بھی آیت اللہ شیخ نمرباقر النمر کو دی جانیوالی سزائے موت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر آواز احتجاج بلند کریں کیونکہ اپنے حقوق کی خاطر جمہوری انداز میں احتجاج کرنا کسی بھی شہری کا حق ہے اس معاملے کو طول دے کر اس کی زندگی کے خاتمے کا فرمان جاری کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا : ایک مکتبہ فکر کو نشانہ بنانے کی پالیسی انتہائی افسوسناک ہے ۔
انہوں نے مزید کہا : جمہوری انداز میں احتجاج کرنے سے نہیں بلکہ ایک طبقہ کو دیوار سے لگانے سے نفاق پیدا ہونے کے خدشات بڑھتے ہیں امید ہے مفاہمتی پالیسی اپنا کر معاملات کو حل کیا جائیگا۔