ایکنا نیوز-ایران ریڈیو کے مطابق پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور اعلی حکام نے کراچی میں عزاداران حسینی پر تکفیری دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے وزیر اعلی سید قائم علی شاہ، گورنر سندھ، ڈاکٹر عشرت العباد اور مجلس وحدت مسلمین، جعفریہ الائینس، شیعہ علماء کونسل اور سنی اتحاد نیز تحفظ عزاداری کونسل نے کل رات کراچی کی امام بارگاہ پر مجلس عزا کے دوران تکفیری دہشتگردوں کے دستی بم کےحملے کی مذمت کی۔ان شخصیتوں اور تنظیموں نے حکومت سے شیعہ مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ شیعہ تنظیموں نے کہا ہے کہ ا گر ماہ محرم میں عزاداری کے دوران تکفیری دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے حکومت نے کوئی خاص اقدام نہ کیا تو پاکستان کے شیعہ اپنی حفاظت خود کریں گے۔ واضح رہے کل رات کراچی میں امام بارگاہ پر تکفیری دہشتگردوں کے حملے میں نوماہ کی ایک بچی شہید اور آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔