ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ملک کے پچانوے فیصد مدارس رجسٹرڈ ہیں، حکومت مدارس کی رجسٹریشن کی راہ میں مسائل نہ پید اکرے۔
مولانا سمیع الحق نے کہا کہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک سکول کا واقعہ نائن الیون سے بڑا واقعہ ہے اور سانحہ پشاور کی درپردہ قوتوں کو ثبوت اور شواہد کی روشنی میں بے نقاب کرتے ہوئے سامنے لایا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ خود دہشت گرد ہے وہ دہشت گردی کوکیا ختم کرے گا۔
طالبان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان کے وجود کا پتہ نہیں کہ وہ کہاں ہیں لیکن حکومت مذاکرات کا موقع گنوا چکی ہے ، 'اگر مذاکرات کو سنجیدہ لیا جا تا تو آج ملک میں امن و امان ہوتا'۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مولانا سمیع الحق نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے اپنے تعلقات کے الزامات کو اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔