ایکنا نیوز- رہبر ویب سائیٹ کے مطابق یوم انقلاب کے ایام کی مناسبت سے ائیر فورس کے جوانوں اور اسٹاف سے اپنے خطاب میں رہبر انقلاب نے فرمایا کہ انقلاب کے بعد سے امریکہ کی دشمنی اور ایران کو جھکانے کی آرزو اور سازشوں کا جواب ایران کے عوام گیارہ فروری اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر نکالی جانےوالی ریلیوں میں ثابت کردیں گے وہ دھونس و دھمکی سے مرعوب ہونےوالے نہیں ہیں اور جو بھی ان کی تحقیر کرنے کی کوشش کرے گا وہ اس کا ویسا ہی جواب دیں گے۔ آیت اللہ ا لعظمی خامنہ ای نے اتوار کو فضائیہ کے کمانڈروں اور جوانوں سے ملاقات میں دشمن کی گذشتہ 36 برس سے دشمنی کے علل واسباب جو امریکا کی طرف سے ابھی بھی جاری ہے وضاحت اور ساتھ ہی ایران کے عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبو کرنے اور انہیں نیچا دکھانے کے تعلق سے دشمن کے غلط اندازوں کی تشریح کرتے ہوئے فرمایا کہ خداوند عالم کے فضل و کرم سے ایرانی قوم 11 فروری کی ریلیوں میں اپنی مقتدرانہ، بھرپور اور مصمم شرکت سے دشمن کو رد عمل دیکھا دیں گے۔ آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے علاقے کے مسائل خاص طور پر ایران کے معاملے میں امریکیوں کی پے در پے شکست کی وجہ ان کی اسٹریٹجک غلطیوں اور غلط اندازوں کو قراردیا اور فرمایا کہ انہی غلطیوں کا ایک نمونہ چندروز قبل ایک امریکی عہدیدار کا یہ بیان ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ ایٹمی مذاکرات میں ایرانیوں کے پاس اب کوئی چارہ نہیں ہے اور وہ اب پھنس گئے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایٹمی مذاکرات اور ان مذاکرات میں ایران کے بس بے ہوجانے کے تعلق سے دشمنوں اور بدخواہوں کے پروپیگنڈوں کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ میں ہر اس سمجھوتے کے حق میں ہوں جودرست انجام پائے لیکن غلط سمجھوتے کے حق میں نہیں ہوں۔ آپ نے فرمایا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سمجھوتہ نہ کرنا اس سمجھوتے سے بہتر ہے جو قومی مفادات کے نقصان میں ہو اور جو ایران کی عظیم قوم کی ذلت و حقارت کا سبب بنے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے دشمن کے ہاتھ سے پابندی کے حربے کو چھین لینے کے لئے ایرانی مذاکراتی ٹیم کی انتھک کوششوں کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ اگر ایسا ہوجاتا ہے اور سمجھوتے کے ذریعے پابندی کا حربہ دشمن کے ہاتھ سے چھین لیا جاتا ہے تو بہت اچھا ہے لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا تو سب کو جان لینا چـاہئیے کہ پابندی کے حربے کو سست اور ناکام بنانےکے لئے ایران کے اندر بہت سے راستے موجود ہیں۔ آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران کے عوام منہ زوری، تسلط پسندی اور غیر منطقی اقدامات کے سامنے نہیں جھکیں گے فرمایا کہ امریکیوں اور ان کی پیروی کرنےوالے چند یورپی ملکوں کا رویہ مذاکرات میں غیر منطقی ہے اور یہ ممالک ضرورت سے زیادہ اس بات کی توقع رکھتے ہیں کہ ان کی ساری باتیں مان لی جائیں جبکہ مذاکرات کا یہ طریقہ نہیں ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے ایٹمی سمجھوتہ دومرحلے میں انجام پانےکے سلسلے میں کی جانےوالی باتوں کا ذکرکرتے ہوئے جن میں کہا جارہا ہے کہ پہلے مرحلے میں کلی اصول پر اورکچھ عرصے بعد دوسرے مرحلے میں جزئیات پر سمجھوتہ ہو فرمایا اگر سمجھوتہ ہونا ہے تو ایک ہی مرحلے میں ہو اور اسی مرحلے میں کلیات اور جزئیات سب پر سمجھوتہ ہو۔ رہبرانقلاب اسلامی نے شام، عراق، لبنان، فلسطین، غزہ، افغانستان اور پاکستان میں امریکی پالسییوں کی ناکامی اور اسی طرح یوکراین میں بھی امریکہ کی شکست کا ذکرکیا اور امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ تم ہو کہ جسے سالہاسال سے مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن اسلامی جمہوریہ ایران مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور 36 سال پہلے کے ایران کا آج کے ایران سے کسی بھی صورت میں موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔
رہبر انقلاب کے خطاب سے پہلے ائیر فورس کے اعلی حکام اور کمانڈروں نے فورسیز کی اعلی صلاحیت،پیشرفت اور تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔