ایکنا نیوز- شفقنا-پاکستان سمیت دنیا بھر میں شیر خدا مولائے کائنات مو لود حرم امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کا یوم ولادت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اس موقع پر مساجد امام بارگاہوں،اولیاء کے مزارات و درگاہوں اور عوامی مقامات پر محافل اور جشن مولود کعبہ کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔جشن مرتضوی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ عرب لیگ او آئی سی اور مسلم حکمران شیطانوں کے چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں جن سے نجات کیلئے جرات حیدری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ، امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب سرچشمہ فقر و عرفان اور منبع ولایت ہیں جس سے فیضیاب ہو کر اولیائے کرام نے دنیا بھر میں تو حید کی شمعیں روشن کیں اور پیغام رسالت کو عام کیا،علی ابن ابی طالب اپنی پیدائش سے وصال بنوی تک رسول خداؐ کے ساتھ ساتھ رہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک جانب اغیار کی سازشیں ہیں تو دوسری جانب اپنوں کے اقدامات سے دشمنوں کو شہ مل رہی ہے یکساں نظام صلوۃ دوسرے مکاتب کے عقائد میں کھلی مداخلت ہے جس سے مکتب تشیع میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔آقای موسوی نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے اور دہشت گردی کا الزام بھی اہل اسلام کے سر تھوپا جا رہا ہے جس کا بنیادی سبب مسلم ممالک کے حکمرانوں کی نااہلی ہے ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مولا علی تمام مکاتب میں یکساں قابل احترام ہیں مکتب اہل سنت کے نزدیک خلیفہ راشد اور اہل تشیع کے نزدیک امام الاولین ہیں پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز نشان حیدر انہی سے منسوب ہے لہذا ذرائع ابلاغ میڈیا چینلز کو مولود کعبہ کے موقع پر خصوصی پروگرام نشر کرنے چاہئیں تھے انہوں نے مطالبہ کیا کہ 13رجب کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جائے ۔