ایکنا نیوز- ایران ریڈیو-ارنا کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے اتوار کو جنگ بندی کے بارے میں اس تحریک کے سربراہ عبد الملک الحوثی کی جانب منسوب بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصار اللہ کے سربراہ کا ٹوئیٹر یا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے- انھوں نے مزید کہا کہ تحریک انصار اللہ کے موقف کا اس تحریک کے ترجمان یا اس کی سیاسی کونسل کے بیان میں اعلان کیا جاتا ہے- تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے کہا کہ افواہ پھیلانے کے لئے ٹوئیٹر کا سہارا لینا، دشمن کے ذرائع ابلاغ کے کھوکھلے پن اور رائے عامہ کو دھوکا دینے میں اس کی ناکامی کا ثبوت ہے، جس نے اسے جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے پر مجبور کر دیا- واضح رہے کہ اتوار کو بعض ذرائع ابلاغ نے ٹوئیٹر پر انصار اللہ سے منسوب اکاؤنٹ کے حوالے سے اعلان کیا تھا کہ یہ تحریک اس جنگ بندی کو تسلیم نہیں کرتی کہ جس کا سعودی عرب دعوی کر رہا ہے- یمن کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں جارحین کے اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ اتوار کی رات سے یمن میں پانچ روزہ جنگ بندی شروع ہو جائے گی- ایسا نظر آتا ہے کہ سعودی عرب، جس جنگ بندی کا دعوی کر رہا ہے اس کا مقصد جمعے کے روز انجام پانے والے سعودی جرائم پر پردہ ڈالنا ہے- واضح رہے کہ جمعے کو یمن کے صوبہ تعز کی المخا لیبر کالونی پر سعودی عرب نے بمباری کر کے ایک سو تیس سے زیادہ عام شہریوں کو شہید کر دیا تھا۔