ایکنا نیوز- ایران ریڈیو- رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبۂ پنجاب کی پولیس ترجمان نبیلہ غضنفر نے جمعرات کے دن کہا کہ تکفیری دہشت گرد گروہ لشکر جھنگوی کے سرغنے ملک اسحاق کی ہلاکت کے بعد بدھ کی رات اس گروہ سے رابطہ رکھنے والے دو سو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ لشکر جھنگوی کا سرغنہ ملک اسحاق بدھ کے دن پاکستان کے صوبۂ پنجاب کی پولیس کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہوا۔ اس کے ساتھ اس کے دو بیٹے بھی پولیس مقابلے میں ہلاک ہوئے۔ پنجاب پولیس کے سربراہ رائے ضمیر نے بھی کہا ہے کہ بدھ کی رات دہشت گردوں نے صوبۂ پنجاب میں ایک دیہات میں چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ لیکن سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے جوابی حملے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ لشکر جھنگوی پاکستان کا انتہا پسند ترین دہشت گرد گروہ ہے اور اس کے عناصر سیکڑوں شیعہ مسلمانوں کے قتل میں ملوث ہیں۔ سنہ انیس سو نوے میں اسی گروہ کے عناصر نے لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر صادق گنجی کو بھی شہید کیا تھا۔