مسلح افواج کے معنوی محرکات اور حربی توانائیوں کو مضبوط بنانے پر تاکید

IQNA

مسلح افواج کے معنوی محرکات اور حربی توانائیوں کو مضبوط بنانے پر تاکید

8:37 - April 11, 2016
خبر کا کوڈ: 3500567
بین الاقوامی گروپ:رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای : اسلامی جمہوری نظام میں ملکی اور قومی دفاع اور سرحدوں کی حفاظت مسلح افواج کے وظآئف میں شامل ہے لہذا مسلح افواج کے معنوی محرکات اور جنگی توانائیوں کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز رہنی چاہیے۔

ایکنا نیوز- رہبری ویب سایٹ کے مطابق اتوار کے روز مسلح افواج کے اعلی افسروں اور کمانڈروں سے عید ملن پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ قومی سلامتی کا دفاع کرنا ایران کی مسلح افواج کی بنیادی ذمہ داری ہے لہذا اس کی آپریشن کی صلاحیت اور روحانی و معنوی سوچ کی روزبروز تقویت کرنا اہم اور ضروری ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے حربی اور عملیاتی توانائیوں اور روحانیت کی جانب رجحان کو ایران کی مسلح افواج کی اہم ترین خصوصیت قرار دیتے ہوئے فرمایاکہ ایران کی مسلح افواج، کسی خاص فرد، جماعت اور پارٹی کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم اور ملک کے لیے ہیں اور ان کا کام عوام کے امن کا حصاربن کر قومی سلامتی کا دفاع کرنا ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دنیا کے بیشتر ملکوں میں دو طرح کی مسلح افواج پائی جاتی ہیں ، بعض ممالک میں مسلح افواج محض رسمی اور دکھاوے کے لیے ہوتی ہیں اور ان میں آپریشن کی توانائی بھی نہیں پائی جاتی اور ان کا کام صرف حکومت اور حکمرانوں کا تحفظ کرنا ہوتاہے۔

ایران کی مسلح افواج کےسپریم کمانڈر نے فرمایا کہ ، اس طرح کی فوجیں ہمارے علاقے میں بھی موجود ہیں اور ان میں سے بعض ، پچھلے ایک سال سے پوری شدت کے ساتھ یمن کو اپنے حملوں کا نشانہ بنارہی ہیں لیکن انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بعض ممالک کی فوجیں حربی لحاظ سے بظاہر انتہائی طاقتور ہیں لیکن میدان عمل میں ان کی کارکردگی پیشہ ورانہ حربی فنون سے آگے نہیں بڑھتی اور غیرمنطقی رویہ اور بے رحمی ان کے ایجنڈے میں شامل ہوجاتی ہے۔

آپ نے فرمایا کہ عراق اور افغانستان میں امریکی فوج کی کارکردگی، اس کی واضح مثال ہے اور اگرایسی مسلح افواج کو میدان جنگ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے تو وہ بلیک واٹر جیسی جرائم پیشہ فورس کو بھی استعمال کرنے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتیں۔

ایران کی مسلح افواج کےسپریم کمانڈر نے، ایران کی مسلح افواج کو دنیا کی ایسی واحد فوج قرار دیا جو روحانی قوت اور معنویت کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ طاقتور اور کارآمد بھی ہے۔

آپ نے فرمایا کہ ایران میں سپہ گری کا پیشہ، نہ تو رسمی اور دکھاوے کا ہے اور نہ ہی بے لگام ، غیر منطقی اور بے مقصد طاقت کا حامل ہے۔

رہبر انقلاب کے خطاب سے قبل ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے مسلح افواج کے امور سے متعلق بریفنگ دی۔

اختتام پروگرام پر رہبر معظم کی امامت میں نماز ظہرین ادا کی گیی۔

3487366

نظرات بینندگان
captcha