'یہودمخالف'پوسٹ:مسلم رکن پارلیمان پارٹی سے معطل

IQNA

'یہودمخالف'پوسٹ:مسلم رکن پارلیمان پارٹی سے معطل

13:34 - April 28, 2016
خبر کا کوڈ: 3500682
بین الاقوامی گروپ:برطانیہ کی لیبر پارٹی نے پارلیمنٹ کی رکن ناز شاہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 'یہود مخالف' مواد شئیر کرنے پر معطل کر دیا

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق مغربی بریڈفورڈ کی ایم پی ناز شاہ نے کہا کہ 2014 میں کی گئیں ان پوسٹ کے بارے میں پچھتاوا ہے، اور یہ پوسٹ اس وقت کی گئی جب وہ پارلیمان کی رکن نہیں تھیں۔

یاد رہے کہ ناز شاہ نے ایک تصویر سوشل میڈیا پر شئیر کی تھی جس میں امریکی نقشے کے ساتھ اسرائیل کا نقشہ ساتھ منسلک تھا اور نیچے درج تھا 'اسرائیل اور فلسطین تنازعے کا حل، اسرائیل کو امریکا میں منتقل کردیا جائے'، اور ساتھ میں تبصرہ لکھا تھا کہ 'مسئلہ حل ہوگیا'۔

انہوں نے ہیش ٹیگ IsraelApartheid# استعمال کیا اور جس کے اوپر درج تھا کہ 'مت بھولو کہ ہٹلر نے جو کچھ جرمنی میں کیا وہ سب قانونی تھا'۔

لیبر پارٹی کے ترجمان نے اس بارے میں بتایا کہ پارٹی رہنما جیرمی کوربائن کے ہمراہ ناز شاہ نے متفقہ فیصلہ کیا کہ وہ انتطامی طور پر لیبر پارٹی سے معطل رہیں گی۔

جب تک اس معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں اس وقت تک وہ پارٹی کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گی، کوربائن نے ناز شاہ کے ان تبصروں کو 'ناگوار اور ناقابلِ قبول' قرار دیا، قبل ازیں اس تبصرے پر ان کو معطل نہیں کیا گیا تھا، جس کو وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے 'غیر معمولی' قرار دیا تھا۔

ناز شاہ نے شیڈو چانسلر جون میکڈونل کی پارلیمانی معاون کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا جبکہ انہوں نے استعفے سے قبل پارلیمنٹ میں معافی مانگی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے الفاظ قبول کرتی ہوں، مجھےافسوس ہے کہ یہودی برادری کو تکلیف پہنچی۔

کوربائن نے اس معاملے پر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہود دشمنی' نسل پرستی ہے، اس سے آگے کوئی بات نہیں ہوگی'۔

کوربائن پر زور دیا جاتا رہا ہے کہ وہ اپنے آپ کو بائیں بازو کے ان سرگرم افراد سے دور رکھیں جو یہودیت کے مخالف بات کرتے ہیں۔

نظرات بینندگان
captcha