
ایکنا نیوز- یزید اور یزیدیت کے خلاف امام عالی مقام کو خراج عیقدت پیش کرنے ، ان پر ڈھایے گیے مظالم پر عزاداری کرنے اورشہدائے کربلا کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شبیہہ علم اور تعزیئے بھی نکالے جا رہے ہیں جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے 26 شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل سروس بند رہی گے۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کراچی اور لاہور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے جب کہ اسلام آباد اور روالپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہے۔

کوئٹہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی دفعہ 144 نافذ اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے جب کہ دسویں محرم کے جلوس اور مجالس کے اختتام تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو براستہ صدر ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے شرکا ریگل چوک پر نماز ظہرین باجماعت ادا کریں گے۔

ادھر لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس رات گئے نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ لاہور شہر میں بھی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی اور لاہور کی طرح کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی یوم عاشور کے چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جہاں عزداری اور نماز باجماعت کے عظیم اجتماعات ہوں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی جب کہ متعلقہ شہروں میں بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔