ایکنا نیوز- ایکسپریس ذرائع کے مطابق 2013 میں حرم کی توسیع کے پیش نظر سعودی عرب نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلم ممالک کا 20 فیصد حج کوٹا کم کردیا تھا اب سعودی حکومت یہ کوٹا بحال کرنے کے لیے سنجیدگی سے غور وخوص کر رہی ہے پاکستان کا حج کوٹا ایک لاکھ 80 مختص تھا لیکن چند سال قبل یہ کوٹا حرم کی توسیع کے باعث کم کرکے تقریباً ایک لاکھ 44ہزار کردیا گیا تھا اور2013 سے پاکستان سے ایک لاکھ 80 ہزار کے بجائے ایک لاکھ 44 ہزار عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جارہے تھے اب کوٹے کی بحالی کے بعد ایک مرتبہ پھر پاکستان سے ایک لاکھ 80 ہزار عازمین حج فریضہ حج ادا کریں گے وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی مرتب کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے حج گروپ آرگنائزرز سے حج 2017 کے لیے تجاویز طلب کی تھیں نئی اور پرانی حج کمپنیوں نے حج تجاویز وزارت مذہبی امور کوجمع کرادی ہیں،حج کوٹا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد ساجد رضا خان نے تجاویز پیش کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور سے کہا ہے کہ تمام حج کمپنیوں سے حج کوٹا فروخت نہ کرنے کا حلف نامہ لیا جائے اور اس پر عمل نہ کرنے والی کمپنی کو کالعدم یا فارغ کیا جائے ۔انھوں نے تجویز کیا کہ کم سے کم 50 اور زیادہ سے زیادہ 90 کا کوٹادیا جائے، وزارت مذہبی امور حج گروپ آرگنائزرز کی نمائندہ تنظیموں کی مشاورت سے سستے اور معیاری حج پیکیجز مرتب کرے۔