ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ حکومت واشنگٹن پر زور دے کہ امریکا کے ایسے اقدامات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نقصان دہ ثابت ہوں گے۔
فرحت اللہ بابر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پارٹی سطح پر اس حوالے سے بحث نہیں کیا گیا، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کو نئی امریکی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے فیصلے کے ممکنہ منفی تاثرات کو اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی حلقوں کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے بھی دفترخارجہ کے بیان کو بے اثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے حکومت کو ایک مؤثر نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلم ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کرنے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ ہر خود مختار ملک کا حق ہے کہ وہ اپنی امیگریشن پالیسی سے متعلق فیصلہ کرے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے متنازع فیصلے کی وسیع پیمانے پر مذمت کی گئی، جب کہ اسے امریکا میں قانونی کارروائیوں کا بھی سامنا ہے، ماہرین کا خیال ہے کہ یہ فیصلہ عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔