ایکنا نیوز-اسلام ٹائمز۔ پوری دنیا کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے سرحدی ضلع کرگل میں بھی پیامبر کربلا، ثانی زہراء حضرت جناب زینب (س) کی ولادت کی مناسبت پر ایک محفل امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے اہتمام سے منعقد کی گئی۔ جس میں ہزاروں خواتین نے شدید سردی کے باوجود شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے دوران محترمہ حاجیہ طاہرہ نے ’’کردار زینب الگوی بانوان‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ انہوں نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناب زینب (س) کی سیرت پر چلنے کی اس دور میں بے حد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جناب زینب (س) ہمارے لئے صرف نمونہ عمل ہی نہیں بلکہ راہ نجات بھی ہیں۔ محترمہ حاجیہ زہرا یوسفی نے آزادی نسوان اور ان کی ذمہ داری کے بارے میں کہا کہ آج کے زمانے میں مغربی حقوق نسوان کے علمبرداروں نے ناموس اسلام کو اپنے نیک اہداف سے منحرف کیا ہے اور ہم دانستہ و نادانستہ طور ان کی غلط باتوں میں آجاتے ہیں جو کہ ہمارے لئے باعث تشویش و عار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دور میں زیادہ سے زیادہ جناب زینب (س) کی حالت زندگی کا مطالعہ کر لینا چاہئے اور ان کی صحیح کنیز بننے کی کوشش میں رہنا چاہئے تاکہ ہم حقیقت میں حقوق نسوان سے آگاہ ہو جائیں اور تمام میدانوں میں جیسے سماج، سیاست، مذہب اور تعلیم و مدیریت کے میدان میں زینب (س) کی طرح اپنی ذمہ داری نبھا سکیں اور اپنی پامال شدہ حقوق بھی اچھی طرح حاصل کر سکے۔
اپنے صدارتی تقریر میں محترمہ حاجیہ فاطمہ نے کہا کہ تربیت اولاد میں زینب (س) سے ہمیں درس لینے کی ضرورت ہے اور کہا کہ ہمیں اپنی بچوں کی تربیت میں زندگانی حضرت زینب (س) سے مدد لینی چاہئے کہ انہوں نے کس طرح سے اسلام کے لئے اپنے بچوں کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی زینب (س) نے اپنی اولاد کو یہ باور کرایا تھا کہ امام کی تحفظ کے لئے جان دینا ہمارا فرض ہے اور کتنی ہی خوشی سے بچے شہادت کے لئے تیار ہوئے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں غاصب اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ ہند کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مظلوم فلسطینی خواتین کی عصمت دری اور بچوں کی قتل عام کو جائز سمجھتا ہے اور بھارتی وزیراعظم اس منحوس قاتل کا استقبال کرنے خود ائیرپورٹ جاتے ہیں، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور بھارتی حکومت سے آئندہ اس قسم کے اقدام سے باز رہنے کی گذارش کرتے ہیں۔ محفل میں موجود خواتین نے اسرائیل اور امریکہ مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور اسرائیل کی نابودی کے لئے دعا کی۔