
ایکنا نیوز- خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے مراسم مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جارہاہے جبکہ کویٹہ شہر میں تمام بڑے امام بارگاہوں میں دو روز سے مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔
علما نے مجلس سے خطاب میں خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا ؑ سلام اللہ علیھا کو عظمت وتقدیس نسواں کا اسلامی سمبل قراردیتے ہوئے کہاکہ کوئی مذہب و معاشرہ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے ،اہل مغرب کا دیا ہوا آزادی نسواں کانعرہ فریب اور دھوکہ ہے جس کا مقصد عورت کی تذلیل اور توہین ہے خواتین عالم اپنے مقام و احترام اور حقوق کے حصول کیلئے سیرت فاطمہ زہراؑ کی پیروی کریں ۔
انکا کہنا تھا: اسلام میں عورت کو دی جانے والی عظمت و رفعت حضرت فاطمہ زہرا ؑ کا مرہون منت ہے کیونکہ اسلام نے انہیں عظمت نسواں کا نمونہ بنا کر پیش کیا ۔جو معاشرہ بیٹی کو زندہ درگور کردیتا تھا اسی کے سامنے انسانیت کے نجات دہندہ رسول ؐ نے اپنی بیٹی کا کھڑے ہو کر استقبال کرکے دنیا کو عورت کی عظمت و رفعت سے آگا ہ کیا ۔
علما کا کہنا تھا کہ اسلام کی یہ مثالی خاتون اپنے والد بزرگوار کی رحلت کے بعد زیادہ دن زندہ نہ رہیں وصال بنوی کے بعد آپؑ کو سکون نصیب نہ ہوانہایت رنج و غم کی زندگی بسر کی اور مصائب و آلام کی حالت میں دنیا سے کو چ فرمایا۔آپؑ کا فرمان کہ بابا آپ کے بعد مجھ پر اتنی مصیبتیں پڑیں کہ دنوں پر پڑتیں تو سیاہ راتوں میں تبدیل ہو جاتے غم میرا ہمدم اور آنسو میری بے تابی کے شعلے بجھانے والے ہیں۔