ایکنا نیوز- اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں نئے تعینات ہونے والے ریجنل پولیس آفیسر عبدالکریم خان سے اہل تشیع وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اہل تشیع وفد میں سید غضنفر علی نقوی (خطیب جامع مسجد یاعلی)، ڈسٹرکٹ ممبر سید سجاد حسین شیرازی، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب علامہ محمد رمضان توقیر، تحریک تحفظ کوٹلی امام حسین (ع) کے کنوئینر بشیر حسین جڑیہ، تحصیل ممبر سید تحسین علمدار، شیعہ ینگ مین کے سرپرست سید فیاض حسین بخاری، سید عابد شیرازی ایڈووکیٹ، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما ایڈووکیٹ تنویر عباس مہدی اور سید ثقلین عباس شاہ سمیت دیگر افراد شریک تھے۔
میٹنگ کے دوران تشیع وفد نے ڈی آئی خان میں امن و امان کی مخدوش صورتحال بالخصوص اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردوں کی عدم گرفتاری کا مسئلہ پیش کیا اور اس ضمن میں اپنے خدشات و تحفظات سے آر پی او کو آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران آر پی او نے کہا کہ ڈی آئی خان میں امن و امان کے قیام کی ذمہ داری ہماری ہے۔ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ڈیوٹی میں شامل ہے، جو لوگ شہر کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں، انہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان خراب کرنے والوں کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔