پاکستان، ایران نے زائرین کی سہولت کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی

IQNA

پاکستان، ایران نے زائرین کی سہولت کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی

17:38 - September 22, 2019
خبر کا کوڈ: 3506656
بین الاقوامی گروپ پاکستان اور ایرانی حکام نے ایران میں مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے جانے والے افراد کو خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی۔

ایکنا نیوز- ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ 'ہفتے کے روز تفتان میں ایف سی آفیسرز میس میں اجلاس منعقد کیا گیا جہاں دالبندین کے اسسٹنٹ کمشنر حبیب ناصر نے چاغی کے ڈپٹی کمشنر کی غیر موجودگی میں ان کی نمائندگی کی اور پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ ایرانی وفد میں ایران کے شہر میرجاوے کے سینئر سرحدی حکام کرنل حیدر مریدی نے شرکت کی۔

اجلاس میں دونوں اطراف کے سیکیورٹی فورسز کے افسران، کسٹمز اور امیگریشن کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان سے ایران جانے والے زائرین سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ محرم اور صفر کے مہینوں میں تفتان اور میرجاوے سرحد پر 20 خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں جہاں زائرین کو علیحدہ راستہ فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں جانب سے ایک ترجمان کو تعینات کیا جائے گا جبکہ پاکستان اور ایرانی حکام کے درمیان زائرین سے متعلق امور کے حل کے لیے رابطہ کرے گا۔

پاکستانی حکام نے مطالبہ کیا کہ جن زائرین کے سفر کے دوران مطلوبہ دستاویزات گم ہوجاتی ہیں انہیں ایمرجنسی سفری دستاویزات فراہم کیے جائے۔

ایرانی حکام نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے بہتر بسیں اور ایندھن کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ بھی اس حوالے سے اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں دونوں ممالک کے کسٹمز حکام موجود ہوں گے۔

نظرات بینندگان
captcha