متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان اختلافات بھی سامنے آگئے۔

IQNA

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان اختلافات بھی سامنے آگئے۔

10:29 - August 26, 2020
خبر کا کوڈ: 3508128
تہران(ایکنا) امریکا جدید ایف 35 طیارے متحدہ عرب امارات کو فروخت کرنے کا خواہش مند ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے امریکا کو روک دیا

امریکا جدید ایف 35 طیارے متحدہ عرب امارات کو فروخت کرنے کا خواہش مند ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے امریکا اور امارات کی اس ممکنہ ڈیل کی مخالفت کی ہے۔

 

اسرائیل کو اس ڈیل کی مخالفت مہنگی پڑگئی ہے اور اب متحدہ عرب امارات نے احتجاجاً جمعے کو امریکی و اسرائیلی حکام سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق امارات نے اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے طیاروں کی ممکنہ ڈیل کی کھلے عام مخالفت پر ناراضی کا اظہار کیا ہے اور طے شدہ ملاقات منسوخ کرکے اسرائیل کو پیغام دیا ہے کہ یہ مخالفت دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

امریکا نے جدید ایف 35 طیارے اسرائیل، جاپان اور جنوبی کوریا کو دیے ہیں جب کہ اسرائیل متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک کو ان طیاروں کی فروخت کی مخالفت اس لیے کرتا ہے تاکہ مشرق وسطیٰ کے مقابلے میں اس کی برتری برقرار رہے۔

 

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی اسرائیل کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے اہم ملاقاتیں کی ہیں اور اپنے بیان میں اسرائیل کو مشرق وسطیٰ میں اپنا قابل اعتماد اور اہم پارٹنر قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے واضح انداز میں کہا ہے کہ وہ اس طیارے کے ایک پرزے تک کو دینے کے مخالف ہے، دوسری جانب امارات جس نے بدترین خیانت کرتے ہوئے صھیونی رژیم سے تعلقات بحال کیے ہیں ابھی تک اس اقدام پر حیرت زدہ ہے۔

 

یاد رہے کہ 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ایک امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارت کاری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

 

اس فیصلے کا امریکا سمیت یورپی ممالک نے خیر مقدم کیا تھا جب کہ ایران اور ترکی سمیت بیشتر اسلامی ممالک نے اس فیصلے کوفلسطینی کاز کی پیٹھ پر چھرا گھونپنے کے مترادف قرار دیا تھا۔

229444

 

نظرات بینندگان
captcha