IQNA

17:57 - October 25, 2021
خبر کا کوڈ: 3510505
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران مجموعی علاقائی صورتحال، افغانستان میں امن اور استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کینیڈین ہائی کمیشنر نے افغان صورتحال میں پاکستانی کردار کو قابل قدر قرار دیا اور کینیڈین ہائی کمشنر نے دوطرفہ بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلاء آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان پر عالمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے تاکہ انسانی بحران سے بچا جاسکے، اس کے علاوہ افغان عوام کی ترقی کے لئے مربوط کوششیں کی جاسکیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، کینیڈا کے ساتھ طویل مدت، کثیر الجہتی پائیدار تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان دوطرفہ تعلقات کی روایت کو برقرار رکھنا چاہتا ہے.

نام:
ایمیل:
* رایے:
* captcha: