
ایکنا نیوز کے مطابق ساتویں قومی یونیورسٹی طلبا حفظ و قرآت مقابلوں کی اختتامی تقریب جو ولادت حضرت زینب(س) کی مناسبت سے مسجد کوفه میں منعقد ہوئی اس میں جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
مقابلہ حفظ قرآن کریم میں واسط یونیورسٹی کے محمد اکرم نعیس نے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ بصرہ یونیورسٹی کے حسن عبدالرضا عبدالله دوم اور اسلامی یونیورسٹی کے محمد طالب محسن کو تیسری پوزیشن کے حقدار قرار دیا گیا۔
حسن قرآت مقابلوں میں بابل یونیورسٹی کے قاری حسن علاء کو مقام اول جب کہ کربلا یونیورسٹی کے مؤمل ریاض حسن دوم اور میسان یونیورسٹی کے محمد شاوی مهبش مقام سوم کے حقدار قرار پائے۔
مسجد کوفہ کے نمایندے شیخ هادی زنجیل نے اختتامی تقریب سے خطاب میں قرآن سے متمسک رہنے اور ان پر عمل کی تاکید کی۔
انہوں نے ان مقابلوں کو جو سال ۲۰۱۴ سے مسجد کوفه میں ولادت حضرت زینب(س) کے حوالے سے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا : مورخین کا کہنا ہے کہ حضرت زینب(س) کوفه میں اپنے گھر میں تدریس و تفسیر قرآن پڑھاتی رہی۔
انکا کہنا تھا: مسجد کوفہ کی جانب سے ان مقابلوں کا ایک اہم مقصد عراقی طلبا کی اسلامی تشخص کو مضبوط بنانا اور انکو قرآن سے ہم آہنگ کرانا ہے جو اسلامی شریعت کا اصل سرچشمہ ہے اور جب بھی مسلمان قرآن سے نزدیک ہوتا ہے عزت ملتی ہے اور قرآن سے دوری ذلت و رسوائی کا باعث بنتی ہے۔
شیخ زنجیل نے مقابلے کے شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور تمام حفظ و حسن قرآت مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبا کی سربلندی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظھار کیا۔/