ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق غزہ میں سرکاری میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں 700 سے زائد فلسطینی مارے گئے ہیں۔
انہوں نے الجزیرہ کو بتایا کہ غزہ کی پٹی میں 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی اُمور کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کے 25 فیصد علاقوں سے انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جن علاقوں سے انخلا کا حکم دیا گیا ہے ان میں جنوب کے علاقے شامل ہیں (یعنی خان یونس کا مشرق، القرارہ، خزاعہ، اباسان اور بنی سہیلہ) ان علاقوں کے رہائشیوں کو مزید جنوب میں رفح کی طرف منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
مختلف امراض کا پھیلاو
غزہ میں یو این آر ڈبلیو اے امور کے ڈائریکٹر تھامس وائٹ نے کہا ہے کہ محصور پٹی کے اندر اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکولوں میں سے ایک میں ہیپاٹائٹس اے کی وبا پھیلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صفائی ایک مسئلہ ہے، کلاس رومز میں گنجائش سے زیادہ لوگ ہیں، غزہ میں بیماری پھیلنے کا بہت زیادہ خطرہ بہت زیادہ ہے، یو این آر ڈبلیو اے کے اسکولوں میں پانی کی فراہمی کا کا بنیادی ڈھانچہ بھیڑ کا شکار ہے، اوسطاً 125 افراد ایک بیت الخلا استعمال کرتے ہیں۔
ہیپاٹائٹس اے انتہائی متعدی قلیل مدتی جگر کا انفیکشن ہے جو قریبی ذاتی رابطے یا جھوٹا کھانا یا مشروبات سے پھیل سکتا ہے۔
ایجنسی نے مزید کہا کہ ہزاروں بے گھر افراد کل رفح گورنری پہنچے، جس سے پناہ گاہوں پر مزید دباؤ بڑھ گیا جہاں پہلے ہی بہت بھیڑ ہے۔