سینتالیسویں قرآنی مقابلوں کی کمیٹی کا اختتامی بیان

IQNA

سینتالیسویں قرآنی مقابلوں کی کمیٹی کا اختتامی بیان

5:36 - December 21, 2024
خبر کا کوڈ: 3517671
ایکنا: سینتالیسویں مقابلوں کی ججز کمیٹی نے تبریز میں اختتامی اعلامیہ جاری کردیا۔

ایکنا کے مطابق، مشرقی آذربائیجان نمایندے نے خبر دی ہے کہ 47ویں قومی مقابلہ قرآن کریم کے اختتامی تقریب میں جیوری کے سربراہ عباس سلیمی نے جیوری کا اختتامی بیان پڑھ کر سنایا، جس کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم 47ویں قومی قرآن کریم کے مقابلوں کا انعقاد اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے باعثِ افتخار اور تنظیم اوقاف و امور خیریہ کے لیے باعثِ مباہات ہے۔ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ انقلاب اسلامی کی فتح کے آغاز سے ہی یہ عظیم قرآنی و ثقافتی تقریب سالانہ بنیادوں پر بغیر کسی وقفے کے منعقد کی جاتی رہی ہے۔

اس حساس دور میں جب کفر، شرک، نفاق اور فحاشی کی گٹھ جوڑ حق کے محاذ کے خلاف صف آراء ہے اور امت مسلمہ کی کمزوری اور الٰہی اقدار کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے، قرآن کریم سے تمسک ایک ضرورت بن گیا ہے۔ قرآن، جو نجات، ہدایت، اور سعادت کی کتاب ہے، آج کے دور میں پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ تمام مسلمانوں اور بالخصوص عظیم ایرانی قوم پر لازم ہے کہ قرآنی آیات کی تلاوت کے ساتھ ان کے معانی پر تدبر کریں اور قرآن کے احکامات پر عمل کو اسلامی طرزِ زندگی کے نفاذ اور قرآنی اصولوں کے معاشرتی غلبے تک اپنی منزل بنائیں۔

الحمدللہ، امسال تبریز، جو علماء، شہداء، ادباء اور عرفاء کی سرزمین ہے، ان مقابلوں کی میزبانی کرکے اپنے قرآنی اور ثقافتی اعزازات میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ کرچکا ہے۔ اس موقع پر اس علاقے کے مؤمن عوام، تنظیم اوقاف و امور خیریہ، محترم امام جمعہ، محترم گورنر، محترم اوقاف کے ڈائریکٹر جنرل، قومی میڈیا، بالخصوص قرآن و معارف چینل اور ریڈیو قرآن کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے۔

جیوری نے تنظیم اوقاف و امور خیریہ کے نمائندہ ولی فقیہ اور صدر، حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر خاموشی، اور قرآنی مرکز کے سربراہ ڈاکٹر مجیدی مهر اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان مقابلوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد، یعنی اسلامی طرزِ زندگی کا فروغ، پورا ہو اور اخلاق و اسلامی اقدار کو معاشرتی اولیت حاصل ہو۔

جیوری نے تمام شرکاء، ان کے والدین، اساتذہ اور مربیان کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس نازک وقت میں، جب عالمی استعمار، خاص طور پر امریکہ، اور اسرائیلی غاصب حکومت کی جنگی جرائم اور غزہ میں نسل کشی جیسے اقدامات جاری ہیں، ان سازشوں کی شدید مذمت کی۔

ہم خدا کے شکر گزار ہیں کہ ان مقابلوں کے دوران ہمیں قرآن کریم کے پیغامات سننے اور سمجھنے کی توفیق ملی، جن میں امریکی تجاوز اور حقوقِ بشر کے جھوٹے دعوے داروں کی سازشوں کے خلاف دفاع، دین، قرآن اور وطن کی حفاظت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ قرآن کی بصیرت کے ساتھ امت مسلمہ کی سربلندی کے لیے متحد رہیں گے اور شہداء کے راستے پر چلتے ہوئے ظالموں اور غاصبوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔

خداوند متعال سے دعا ہے کہ ہمیں اس راہ پر استقامت عطا فرمائے۔

اللهم انصر الاسلام والمسلمين واخذل الكفار والمنافقين وانصر من نصر الدين واخذل من خذل المسلمين

تبریز گھوارہ علم و شهادت و شعر و ادب

ججز کمیٹی مقابلہ قرآن

وصلى الله على سيدنا محمد و آله الطاهرين

 

4255037

ٹیگس: ایران ، ججز ، قرآنی
نظرات بینندگان
captcha