مکه کے ثقافتی علاقے میں قرآنی میوزیم کا قیام + تصاویر

IQNA

مکه کے ثقافتی علاقے میں قرآنی میوزیم کا قیام + تصاویر

4:57 - March 06, 2025
خبر کا کوڈ: 3518095
ایکنا: قرآنی میوزیم امیر مکه کے تعاون سے «حراء» کے علاقے میں قائم کیا گیا ہے.

ایکنا نیوز، المناطق نیوز کے مطابق، سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، معاون امیر مکہ نے قرآن کریم کے میوزیم کو ثقافتی علاقے حرا کے ایک اہم حصے کے طور پر قائم کیا ہے۔ یہ میوزیم اسلامی علوم کا ایک اہم مرکز ہے جو مکہ مکرمہ آنے والے زائرین کے دینی اور ثقافتی علم میں اضافہ کرے گا۔

اس میوزیم کا ڈیزائن اور قیام ایک منظم نظام کے تحت عمل میں آیا ہے، جو کہ مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں سعودی شاہی کمیٹی کی نگرانی اور سرپرستی میں مکمل ہوا ہے۔ یہ مقام جدید ٹیکنالوجی اور علمی وسائل کے امتزاج کے ساتھ زائرین کو ایک جامع تجربہ فراہم کرتا ہے۔

ثقافتی علاقے حرا میں واقع قرآن میوزیم میں نادر اور تاریخی نسخے محفوظ کیے گئے ہیں۔ میوزیم کی نمائشیں زائرین کو قرآن کے جمع ہونے کے عمل اور مختلف ادوار میں اس پر دی جانے والی توجہ سے روشناس کراتی ہیں۔

اس میوزیم کے قیام کا مقصد قرآن کی قدر و منزلت کو اجاگر کرنا، اسے مسلمانوں کے بنیادی ذریعہ ہدایت کے طور پر متعارف کرانا، اور جدید طریقوں سے زائرین کے تجربے کو مزید موثر بنانا ہے۔ اس کا قیام سعودی شاہی کمیٹی کی جانب سے تاریخی مقامات کو زندہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

قرآن میوزیم حرا رمضان المبارک میں زائرین کے استقبال کے لیے تیار ہے اور اس مبارک مہینے میں یہ ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے تاکہ لوگ قرآن کی تاریخ اور قدیم مخطوطات کو دریافت کر سکیں۔

ثقافتی علاقہ حرا، غارِ حرا کے قریب واقع ہے، جہاں وحی کا نزول ہوا تھا۔ اس میں "وحی" کے نام سے ایک نمائش بھی شامل ہے، جس میں زائرین انبیائے کرام پر وحی کے نزول کے قصے سے واقف ہوتے ہیں اور غارِ حرا پر چڑھنے کا تجربہ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔/

 

 

 

 

4269875

نظرات بینندگان
captcha