ایکنا نیوز- اسلامی ثقافت اور رابطوں کی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق، تہران کی تیسری قرآنی نشست کے موقع پر حجت الاسلام ایمانی پور کے حکم نامے کا مکمل متن جاری کیا گیا ہے، جس میں حامد شاکرنژاد کو اسلامی جمہوریہ ایران کا قرآنی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ نشست (عالم اسلام کی قرآنی مجلس؛ امت واحدہ کے قیام کے لیے مؤثر حکمت عملی) کے عنوان سے منعقد ہوئی تھی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے:
"جناب حامد شاکرنژاد کی قرآنی تلاوت اور قرآن کریم کے نورانی معارف کی ترویج، خاص طور پر بین الاقوامی سطح پر نمایاں خدمات اور تجربے کو دیکھتے ہوئے، آپ کو اسلامی جمہوریہ ایران کا قرآنی سفیر مقرر کیا جاتا ہے۔ امید ہے کہ آپ اس اہم ذمہ داری میں خدا داد صلاحیتوں، علم اور قابلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے قرآنی اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔
قرآن کریم کی ثقافت کو متعارف کروانا اور اسے امت مسلمہ کی وحدت کا محور بنانا، جو کہ مقام معظم رہبری کی خواہشات میں سے ہے، آپ کی سب سے اہم ذمہ داری ہوگی۔ میں خداوند متعال سے آپ کی کامیابی کی دعاگو ہوں۔"
حامد شاکرنژاد قرآن کریم میں پی ایچ ڈی ہیں، قاری اور حافظ قرآن ہیں، اور انہوں نے متعدد بین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں اعلیٰ درجے حاصل کیے ہیں۔
تہران کی تیسری قرآنی نشست گذشتہ روز اسلامی ثقافت اور رابطوں کی تنظیم کے زیر اہتمام تہران میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد عالم اسلام کی قرآنی مجلس کا قیام تھا۔ اس نشست میں 24 ممالک کے 50 سے زائد قرآنی فعالین نے شرکت کی۔ یہ نشست تہران کی 32ویں بین الاقوامی قرآن نمائش کے بین الاقوامی سیکشن کا حصہ تھی۔
اس نشست میں ایران، افغانستان، الجزائر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، یوگنڈا، اٹلی، بوسنیا و ہرزیگووینا، پاکستان، تاجکستان، تھائی لینڈ، ترکیہ، چاڈ، چین، روس، آئیوری کوسٹ، عراق، قطر، کمبوڈیا، گنی، لبنان، نائجیریا اور ہندوستان کے قرآنی ماہرین نے شرکت کی۔/
4270199