میٹا نے انڈیا میں ایک اسلامی پیج کو بلاک کردیا

IQNA

میٹا نے انڈیا میں ایک اسلامی پیج کو بلاک کردیا

4:24 - May 12, 2025
خبر کا کوڈ: 3518470
ایکنا: میٹا کمپنی ان حالات میں جہاں پاک-بھارت حالات کشیدہ ہیں نے انڈین حکومت کی درخواست پر اسلامی پیج کو بلاک کردیا ۔

ایکنا نیوز- نیوز ایجنسی "القدس العربی" کے مطابق میٹا کمپنی نے بھارتی حکومت کی درخواست پر اور پاکستان کے ساتھ شدید ترین فوجی کشیدگی کے دوران، بھارت میں ایک اہم اسلامی سوشل میڈیا صفحہ کو بلاک کر دیا ہے۔

اسی حوالے سے روزنامہ گارڈین نے انکشاف کیا ہے کہ میٹا نے بھارتی حکومت کی رسمی درخواست پر بھارت میں انسٹاگرام پر موجود معروف مسلم نیوز پیج @Muslim کی رسائی روک دی ہے، جس کے فالوورز کی تعداد 6.7 ملین ہے۔ جب بھارت میں اس پیج تک رسائی کی کوشش کی جاتی ہے تو بتایا جاتا ہے کہ یہ ایک سرکاری درخواست کی بنیاد پر بند کر دیا گیا ہے۔

امیر الخطاطبہ، جو اس پیج کے بانی اور منتظم ہیں، نے کہا کہ میٹا نے یہ اقدام بھارتی حکومت کی رسمی درخواست پر کیا، اور اسے میڈیا سنسرشپ کی ایک واضح مثال قرار دیا۔ گارڈین کے مطابق، اس معاملے پر بھارتی حکومت کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

گارڈین نے الخطاطبہ کے حوالے سے لکھا کہ یہ پابندی انہیں سچائی کے اظہار سے نہیں روک سکتی، اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ واقعہ اس بات کی دلیل ہے کہ آزاد میڈیا حکومتوں کو جوابدہ بنانے میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے میٹا سے مطالبہ کیا کہ بھارت میں ان کے پیج تک رسائی بحال کی جائے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ایک حساس وقت پر، یعنی گزشتہ دو دہائیوں میں ہند-پاک کے درمیان شدید ترین فوجی تناؤ کے دوران سامنے آیا ہے۔

اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے بھارت نے پاکستانی یوٹیوب چینلز کی ایک درجن سے زائد تعداد کو بھی بند کیا تھا، ان پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے کا الزام لگایا گیا تھا۔

مزید یہ کہ رپورٹ کے مطابق، بھارتی حکومت کی پابندیوں کی فہرست میں پاکستانی شوبز اور اسپورٹس ستارے جیسے فواد خان، عاطف اسلم، بابر اعظم اور محمد رضوان کے سوشل میڈیا صفحات بھی شامل ہیں۔

اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت نے میڈیا کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی رسائی بھی بھارت میں بند کر دی ہے۔/

 

4281605

نظرات بینندگان
captcha