
ایکنانیوز، اخبار الیوم نے رپورٹ کیاہے کہ یہ مقابلے شیخ الازہر احمد الطیب کی سرپرستی اور محمد عبدالرحمن الدوینی (معاون شیخ الازہر) اور شیخ ایمن عبدالغنی (رئیسِ ادارۂ قرآنیاتِ ازہر) کی نگرانی میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ان مقابلوں کا مقصد قرآنِ مجید کے حافظوں کی سرپرستی، قرآنی صلاحیتوں کی نشوونما اور مختلف عمری سطحوں پر قرآنی علوم کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
پہلا مرحلہ سات صوبوں مرسی مطروح، سوئز، پورت سعید، اسماعیلیہ، شمالی سینا، جنوبی سینا اور بحیرۂ احمر میں منعقد ہوا، جہاں شرکاء اور ان کے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مقابلے کے دوران شفافیت، منصفانہ موقع اور منظم انداز کو یقینی بنانے کے لیے جامعہ ازہر کی انتظامی کمیٹی نے جامع منصوبہ بندی کی۔
ازہر شریف کی کمیٹی برائے قرآنی جائزہ کے نائب صدر اور مدیرِ کل امورِ قرآنی نے صوبہ سوئز میں مقابلوں کے عمل کا جائزہ لیا، امتحانی کمیٹیوں سے ملاقات کی اور اس بات کی تصدیق کی کہ تمام مراحل ازہر کے مقرر کردہ معیار کے مطابق منظم طریقے سے انجام دیے جا رہے ہیں۔
اسی ضمن میں، محمد عبدالرحمن الدوینی نے کہا کہ یہ مقابلہ ازہر کی اس کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد قرآنِ کریم کے حفظ، فہم اور تدبر کو فروغ دینا اور نئی نسل کو حفظ و تلاوت میں امتیاز حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ مقابلہ چار مراحل پر مشتمل ہے جو پورے ملک کے صوبوں میں منعقد ہوگا، اور اس کا حتمی مرحلہ ماہِ رمضان المبارک میں ازہر کے مرکزی دفتر قاہرہ میں ہوگا، جہاں فاتحین کو اس بابرکت مہینے کی روحانی فضا میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔
4315050