ایکنا نیوز- القدس العربی کے حوالے سے رپورٹ میں صہیونی اخبار "اورشلیم پوسٹ" کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ خلیجی عرب ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیں گے۔
اسی سلسلے میں عبرانی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ امریکی صدر ایک ایسے اسٹریٹجک معاہدوں کے پیکج کا بھی اعلان کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جن میں وسیع پیمانے پر فوجی اور تجارتی معاہدے شامل ہوں گے۔ ان میں سیکیورٹی معاہدے، اسلحے اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے معاہدے، نیز خطے کے کئی ممالک کے ساتھ مجوزہ جوہری تعاون کا معاہدہ شامل ہوگا۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب اسرائیل کی غزہ کے خلاف جنگ کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر مطالبات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ امریکہ، فلسطین اور اسرائیل کے مسئلے پر خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اپنا مؤقف اختیار کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق خلیج فارس کے ایک سیاسی ذریعے نے زور دیا کہ یہ اقدام امریکہ کی پالیسیوں میں ایک بڑی تبدیلی شمار ہو سکتا ہے، اور مزید عرب ممالک صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے عمل میں شامل ہو سکتے ہیں۔
یہ ملاقات صدر ٹرمپ کے اپنی نئی صدارت کے دوران پہلے دورہ سعودی عرب کے موقع پر منعقد ہونے والی ہے۔/
4281728