ایکنا نیوز، عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطاب کربلائے معلیٰ میں واقع روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام میں دنیا کے مختلف ممالک اور عراق کے مختلف صوبوں سے آنے والے لاکھوں زائرین نے سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے وفادار اصحاب کی شہادت کی مناسبت سے مجالسِ عزا میں شرکت کی اور سوگ منایا۔
اس پُر سوز موقع پر بڑی تعداد میں عزاداران اور عاشقانِ امام حسین علیہ السلام نے دشتِ نینوا کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور پُر درد انداز میں سوگواری کی۔
اسی حوالے سے، عراق کی وزارت داخلہ نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ماہ محرم الحرام کے آغاز سے اب تک 11 لاکھ 76 ہزار سے زائد زائرین عراق میں داخل ہو چکے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کے ترجمان، کرنل عباس البہادلی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ماہ محرم کے آغاز سے اب تک 11 لاکھ 76 ہزار 311 زائرین عراق میں داخل ہوئے، جبکہ اسی مدت میں 10 لاکھ 9 ہزار 863 زائرین عراق سے واپس جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کربلا شہر میں یوم عاشورا کی مناسبت سے عزاداری میں شرکت کے لیے رجسٹرڈ کی گئی مواکب (امدادی و خدماتی کیمپوں) کی تعداد 833 ہے، جن میں سے 10 مواکب بیرون ملک سے آئی ہیں۔
عباس البہادلی کے مطابق، دفاعِ مدنی کی انتظامیہ نے کربلا کے قدیمی حصے کے اطراف اپنی فورسز تعینات کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتِ حال جیسے کہ آگ لگنے کی صورت میں فوری طور پر کارروائی کی جا سکے۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے اس سے قبل بھی اعلان کیا تھا کہ گذشتہ چند روز کے دوران عرب اور غیر عرب ممالک سے دسیوں ہزار زائرین زمینی و ہوائی سرحدوں کے راستے کربلائے معلیٰ اور دیگر مقدس مزارات میں عاشورہ کی مجالس میں شرکت کے لیے عراق میں داخل ہوئے ہیں۔/
4292810