ایکنا نیوز کے مطابق، کاظم غریبآبادی، ڈپٹی وزارت خارجہ، نے اعلان کیا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ نے استنبول اجلاس کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے ہجری سال 1447 کو حضرت رسول اکرم ﷺ کی ولادت کی 1500 ویں سالگرہ کے طور پر منانے کی تجویز کو اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا۔
غریبآبادی کے مطابق، اس قرارداد میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اسلامی ممالک اس بابرکت موقع کی تعظیم کے لیے مختلف اقدامات انجام دیں گے جن میں ثقافتی، تعلیمی، اکیڈمک، میڈیا، انسانی اور فلاحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد اسلام اور نبی کریم ﷺ کی حقیقی تعلیمات کو صحیح طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس قرارداد میں اسلام کو امن و رواداری کا دین متعارف کروانے، اسلام کی انسانی تہذیب کو دی گئی خدمات کو اجاگر کرنے، اور ادیانِ عالم کے درمیان مکالمہ و باہمی فہم کو فروغ دینے پر زور دیا گیا ہے۔ نیز، اس قرارداد میں نیویارک اور جنیوا سمیت کئی بین الاقوامی تقریبات کے انعقاد اور اس تاریخی موقع کو یونسکو کے بین الاقوامی کیلنڈر میں شامل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
غریبآبادی نے کہا کہ چونکہ یہ تجویز ایران کی طرف سے پیش کی گئی ہے، لہٰذا اسلامی جمہوریہ ایران اس عظیم موقع کی بین الاقوامی سطح پر بھرپور اور شایانِ شان انداز میں انعقاد میں ممتاز کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے اس موقع پر یہ اعلان بھی کیا کہ ایران میں اس حوالے سے جلد ہی مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی اور انہوں نے عوام اور غیر سرکاری اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس بابرکت موقع کی شاندار تکریم میں بھرپور شرکت کریں۔/
4294122