ایکنا نیوز- الکفیل نیوز چینل کے مطابق سید لیث العبیدی، جو اس منصوبے کے اساتذہ میں شامل ہیں، نے کہا ہے کہ "امیرالقراء" منصوبے کا تیسرا مرحلہ 110 قرآن سیکھنے والوں کی شرکت سے 10 تربیتی گروپوں میں جاری ہے، جہاں وہ عراقی اور مصری انداز میں تلاوتِ قرآن کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مرحلے میں تلاوت میں حسنِ ادا اور صوت کی درجہ بندی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے، اور ممتاز قاریوں کے لیے صوت و حسن ادا کی مشقیں انتہائی منظم اور فشردہ انداز میں کروائی جا رہی ہیں۔
العبیدی نے وضاحت کی کہ یہ مرحلہ قرآن سیکھنے والوں کے لیے آخری تیاری کا موقع ہے، جس میں ان کی انفرادی اور اجتماعی تلاوتوں کو ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں شرکاء کو اس انداز سے تربیت دی جا رہی ہے کہ وہ قومی و بین الاقوامی قرآنی محافل اور مقابلوں میں فعال شرکت کر سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ "امیرالقراء" کا یہ قومی منصوبہ عتبه عباسیہ کے ذیلی ادارے "مجمع علمی قرآن" کے زیر اہتمام منعقد ہو رہا ہے، اور اس کے تیسرے مرحلے کے دوران مجالسِ عزاداری امام حسینؑ کا انعقاد بھی پروگرام کا حصہ ہے۔
اس منصوبے میں تربیتی سرگرمیاں صوتی اور تنفسی مشقوں پر مبنی ایک ورکشاپ کے ذریعے شروع ہوتی ہیں، تاکہ قاری کو تلاوت اور حفظ سے متعلق دروس کے لیے تیار کیا جا سکے۔
مجمع علمی قرآن نے اس منصوبے میں شریک طلبہ کے لیے ایک جامع نظام ترتیب دیا ہے، جس کا آغاز صبح سویرے ہوتا ہے اور شام تک جاری رہتا ہے۔ یہ پروگرام ایک جدید نظام کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جو مختلف سطحوں پر طلبہ کی ترقی میں مددگار ہے۔
یہ منصوبہ صرف تعلیمی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ اس میں تفریحی دورے، قرآنی محافل، درست تلاوت کی تربیتی نشستیں، ثقافتی و مذہبی ورکشاپس اور مقابلے بھی شامل ہیں۔/
4294257