ایکنا نیوز، یمن کے المسیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق انجمن علمائے غزہ نے اپنے پیغام میں دنیا بھر کے مسلم علما، خطباء اور مؤثر شخصیات سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی دشمن کے جبری ہجرت کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے عوامی سطح پر بیداری اور مزاحمتی صف بندی کو یقینی بنائیں۔
اس دینی ادارے نے زور دے کر کہا: ہم اپنے وطن میں ثابت قدمی اور ڈٹے رہنے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ عوام کے جبری انخلاء کے منصوبے کو ناکام بنایا جا سکے۔
مزید کہا گیا کہ غزہ میں محلّوں، گلیوں اور مساجد میں مزاحمت اور استقامت ہی پورے فلسطینی عوام کے نصب العین کا پہلا دفاعی محاذ ہے۔
انجمن علمائے غزہ نے دوبارہ خبردار کیا کہ سرزمین کو چھوڑ دینا، شہداء کے خون اور وطن سے خیانت ہے، جبکہ وطن میں ڈٹے رہنا اور اس کا دفاع کرنا شہداء سے عہد ہے۔ اور صبر کرنے والوں کے لیے الٰہی وعدہ فتح ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ قابض دشمن کا مقابلہ صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ پختہ ایمان، بیدار عقل اور زبانِ حق گوئی کے ذریعے بھی کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے انجمن علمائے فلسطین نے بھی صیہونی جرائم کے تسلسل پر ردعمل دیتے ہوئے پوری امتِ مسلمہ کو اسرائیل کے مظالم کے مقابلے کی دعوت دی تھی اور اپنے بیان میں کہا تھا: اے فرزندانِ اسلام اور حق کے مدافعو! یہ وقتِ عمل اور فریاد ہے، سب جہاد کے میدان کی طرف بڑھو۔/
4300430