
ایکنا نیوز- بلدنا الیوم نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ بین الاقوامی کانفرنس صدرِ مملکت مصر کی سرپرستی میں، قومی کونسل برائے خواتین مصر، الازہر اسلامی مرکز اور خواتین ترقیاتی تنظیم (WDO) کے مشترکہ اقدام سے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد دینی اور ابلاغی بیانیے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے عالمِ اسلام میں خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے ایک پائیدار اور ثقافتی فریم ورک تشکیل دینا ہے۔
اس کانفرنس میں شیخ الازہر احمد الطیب، وزیرِ اعظم مصطفیٰ مدبولی اور امل عمار (چیئرپرسن، قومی کونسل برائے خواتین مصر) سمیت تنظیمِ تعاونِ اسلامی کے 57 رکن ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے شریک ہو رہے ہیں، جو خواتین کے مسائل کی اہمیت اور معاشروں کی تعمیر میں ان کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
کانفرنس کے موضوعات دینی و میڈیا بیانیے کے محور کے گرد گھومتے ہیں، اور اس کا مقصد عقل و اعتدال پر مبنی دینی و ابلاغی بیانیے کے کردار کو اجاگر کرنا ہے تاکہ غلط تصورات کی اصلاح، خواتین کے حقوق کے احترام کی ثقافت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں خواتین کی فعال شمولیت کی حمایت کی جا سکے۔
پہلے دن کا ایجنڈا: پہلا دن دو مرکزی اجلاسوں پر مشتمل ہوگا۔
پہلا اجلاس: اس اجلاس میں دینی اور میڈیا بیانیے کے کردار پر توجہ دی جائے گی جو آگاہی میں اضافے، غلط فہمیوں کی اصلاح اور مذہبی و فکری انتہاپسندی کے مقابلے میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرتا ہے، نیز معاشرے میں خواتین کے مثبت کردار سے متعلق شعور بڑھانے کے لیے میڈیا، ثقافت، فنون اور تعلیم کے کردار پر روشنی ڈالی جائے گی۔
دوسرا اجلاس: خواتین کے حقوق، خواتین اور بچیوں کی معاشی صورتحال، قومی پیداوار میں خواتین کا حصہ، ملازمت کی منڈی کے لیے ان کی اہلیت، کاروبار اور مالی امور میں ان کے کردار پر بحث کی جائے گی، ساتھ ہی تنظیمِ تعاونِ اسلامی کے رکن ممالک میں بہترین عملی مثالوں اور کامیاب تجربات کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسرے دن کا ایجنڈا
دوسرا دن «خواتین کی حمایت اور بااختیار بنانے» کے عنوان کے تحت تین مرکزی اجلاسوں پر مشتمل ہوگا:
پہلا اجلاس: خواتین کے خلاف انتہاپسندی کے انسداد کے لیے الازہر آبزرویٹری کے طریقۂ کار، خواتین کے احترام اور ان کی عزت و وقار کے تحفظ کی اقدار کے فروغ، اور خواتین و بچیوں کو ہر قسم کے تشدد، بشمول نقصان دہ ثقافتی روایات، منفی سماجی رویّوں اور سائبر تشدد سے بچانے پر توجہ دی جائے گی۔
دوسرا اجلاس: خواتین، سیاسی بااختیاری اور قیادت ،اس میں اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی تقرری، سیاسی شمولیت، عوامی میدان میں مساوی مواقع، اور امن و سلامتی کے فروغ میں خواتین کے کردار پر گفتگو ہوگی۔
تیسرا اجلاس: خواتین کے مقام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ،یہ اجلاس خواتین کے حقوق کی حمایت، ان کے سماجی مقام کی بہتری اور ایک باشعور دینی و ابلاغی بیانیے کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات پر مرکوز ہوگا، جو تنظیمِ تعاونِ اسلامی کے رکن ممالک میں پائیدار ترقی اور سماجی استحکام کے حصول میں معاون ثابت ہو۔
قاہرہ کانفرنس میں نائب صدرِ جمہوریہ کی شرکت
اسی تناظر میں، بہروز آذر، نائب صدرِ جمہوریہ برائے امورِ خواتین و خاندان، گزشتہ روز کو مذکورہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے قاہرہ، مصر روانہ ہوئیں۔/
4331525