الازهر کا منفرد قرآن؛ ڈیجیٹل دور میں قرآنی خطاطی کی جلوہ افروزی

IQNA

الازهر کا منفرد قرآن؛ ڈیجیٹل دور میں قرآنی خطاطی کی جلوہ افروزی

9:54 - February 03, 2026
خبر کا کوڈ: 3519890
ایکنا: قاہرہ کی بین الاقوامی کتاب میلے میں جامعہ الازہر کے اسٹال پر قرآنِ کریم کا ایک منفرد اور نایاب نسخہ عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے، جس میں شاہی خوشنویسی کی اصالت کو عصرِ حاضر کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے۔

ایکنا نیوز- فیتو نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قرآنِ کریم کا یہ خصوصی نسخہ، جو بیس سالہ محنت کا ثمر ہے، سال 2026 میں منعقد ہونے والے ستاون ویں قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے میں جامعہ الازہر کے اسٹال پر نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

یہ قرآنِ مجید مصر کی اسلامی انجمن «المکنز» کی جانب سے بطور تحفہ پیش کیا گیا ہے، جس میں ایک صدی قبل وفات پانے والے معروف خطاط مرحوم محمد جعفر بیگ کی خوشنویسی کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فنی کمال کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے، تاکہ عالمِ اسلام کو ایک ایسا بصری ورثہ پیش کیا جا سکے جو مملوکی اور ایلخانی ادوار کی عظمت کی یاد دلاتا ہے۔

قرآنِ کریم کا یہ تاریخی اور غیر معمولی نسخہ قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے کے زائرین کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ یہ ایک ایسا فن پارہ ہے جس میں شاہی خوشنویسی کی روایت کو جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ساتھ نہایت مہارت سے جوڑا گیا ہے۔

یہ قرآن علمی اور فنی سطح پر بھرپور محنت کا نتیجہ ہے، جس کی حروف سازی معروف «ملک فؤاد» رسم الخط میں کی گئی اور خصوصی کمپیوٹر سافٹ ویئر کی مدد سے اسے ڈیجیٹل طور پر ازسرِنو تیار کیا گیا ہے۔

یہ کام اسلامی انجمن المکنز اور ماہر خطِ نسخ خوشنویسوں کے باہمی تعاون سے انجام پایا، جس کی بنیاد عظیم خطاط محمد جعفر بیگ (وفات: 1916ء) کی خوشنویسی پر رکھی گئی۔ انہوں نے امیریہ پرنٹنگ پریس کے لیے خطِ نسخ کے وہ قواعد وضع کیے جو آج تک عالمِ اسلام میں خطاطی کے سب سے جدید اور انقلابی اصول شمار ہوتے ہیں۔

قرآنِ کریم کا یہ نسخہ تقریباً بیس برس کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے اور اس کی کتابت میں ایلخانی اور مملوکی ادوار کے قیمتی مخطوطات سے ماخوذ ہندسی نقوش استعمال کیے گئے ہیں۔ تذہیب اور تزئین میں رنگوں کے انتخاب میں تاریخی نسخوں سے مکمل ہم آہنگی کا خاص خیال رکھا گیا ہے، جو اسے مزید منفرد بناتا ہے۔

اس قرآن کا جلد خالص قدرتی چمڑے سے تیار کیا گیا ہے، جسے نباتاتی طریقے سے دباغت دی گئی ہے۔ اس پر رنگوں اور سونے کے پیچیدہ نقوش کے ساتھ حرارتی ابھری ہوئی کندہ کاری کی گئی ہے، تاکہ مملوکی دور کے ہندسی نمونوں کی بہترین عکاسی ہو سکے۔

اسلامی انجمن المکنز نے قرآنِ کریم کا یہ نفیس نسخہ جامعہ الازہر کو خصوصی خصوصیات کے حامل تحفے کے طور پر پیش کیا ہے، جس میں خالص روئی سے تیار کردہ، تیزاب سے پاک اعلیٰ معیار کے کاغذ کا استعمال کیا گیا ہے، تاکہ تذہیب اور رنگوں کی چمک طویل عرصے تک برقرار رہے۔

واضح رہے کہ ستاونواں قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلہ 23 جنوری 2026ء (3 بہمن) کو مصر کے بین الاقوامی نمائش مرکز میں شروع ہوا اور 3 فروری 2026ء (14 بہمن) تک جاری رہے گا۔

اس سال کے میلے کا نعرہ ہے: "مطالعے میں ایک گھنٹے کا توقف، صدیوں کی پسماندگی" جب کہ  اس عالمی ثقافتی تقریب میں 83 ممالک کے 1457 اشاعتی ادارے شریک ہو رہے ہیں۔/

 

4331610

نظرات بینندگان
captcha