سعودی عرب میں محرم تقریبات کو پابندیوں کا سامنا

IQNA

سعودی عرب میں محرم تقریبات کو پابندیوں کا سامنا

7:12 - June 20, 2026
خبر کا کوڈ: 3520345
ایکنا: سعودی عرب کے مشرقی علاقے قطیف کے شیعہ مسلمانوں نے حکومتی پابندیوں کے باوجود ماہِ محرم کی مذہبی تقریبات کا بھرپور انعقاد کیا ہے۔

ایکنا نیوز- خبر رساں ادارے "نبأ" کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے عائد سکیورٹی اور مذہبی پابندیوں کے باوجود قطیف کے عوام نے ماہِ محرم کی پہلی شب کم از کم 600 مجالسِ حسینیہ منعقد کرکے عاشورائی شعائر کے تسلسل پر زور دیا۔ یہ تقریبات اس خطے کی شیعہ برادری کی دینی وابستگی اور مذہبی شناخت کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔

میدانی جائزوں اور پلیٹ فارم "مسورات" کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، یہ مجالس قطیف کے مختلف شہروں، دیہاتوں اور محلوں میں مساجد، امام بارگاہوں، گھروں اور نجی اجتماعات میں منعقد ہوئیں۔

اگرچہ یہ اعداد و شمار تمام مجالس کا احاطہ نہیں کرتے، تاہم یہ محرم کی عزاداری کے انعقاد کے لیے مقامی آبادی کے عزم اور استقامت کی عکاسی کرتے ہیں۔ پہلی شب کے خطابات میں مقررین نے واقعۂ عاشورا کی یاد اور اس کے پیغام کو ہر حال میں زندہ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور معاشرتی زندگی میں اس تحریک کی تعلیمات کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

اس حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق مجالسِ عزاداری میں عوام کی شرکت غیر معمولی رہی۔ یہاں تک کہ چھوٹی مجالس میں بھی پہلی ہی رات عزاداروں کی بڑی تعداد موجود تھی، جبکہ ماضی میں عموماً اس نوعیت کا ہجوم محرم کی چوتھی شب کے بعد دیکھنے میں آتا تھا۔

قطیف کے شیعہ مسلمان ایسے حالات میں محرم کی تقریبات میں شریک ہیں جب مقامی ذرائع کے مطابق سعودی سکیورٹی اداروں نے ان مراسم پر مختلف پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ان اقدامات میں چیک پوسٹوں کا قیام، بعض شہریوں کی نقل و حرکت پر قدغن، کچھ مرکزی پروگراموں کے انعقاد میں رکاوٹ، عوامی مقامات سے عزاداری کے پرچم اور مذہبی علامات ہٹانا، نیز بعض سبیلوں اور استقبالیہ مراکز کے قیام پر پابندیاں شامل ہیں۔

ان محدودیتوں اور چیلنجز کے باوجود منتظمین اور مذہبی کارکنان نے متبادل ذرائع اختیار کرتے ہوئے محرم کی رسومات کو جاری رکھا ہے۔ ان میں نجی مقامات پر مجالس کا انعقاد، اندرونی گلیوں اور محلوں میں پرچم نصب کرنا، اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ شامل ہے۔ اسی سلسلے میں مجالسِ عزاداری کی 100 سے زائد آن لائن لائیو نشریات بھی مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے شروع کی گئی ہیں۔/

 

4359031

نظرات بینندگان
captcha