
ایکنا نیوز- بغداد کی خبررساں ویب سائٹ "جدار بغداد" کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آستانہ مقدس امام حسینؑ نے اعلان کیا ہے کہ سیدالشہداء امام حسینؑ کے روضۂ مبارک کے گنبد پر نصب پرچم کی تبدیلی کی تقریب منگل، 16 جون 2026ء کو نمازِ مغرب کے بعد صحنِ حرم میں منعقد ہوگی۔
آستانہ مقدس کی جنرل سیکریٹریٹ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پرچم کی تبدیلی کی یہ تقریب درحقیقت واقعۂ کربلا اور قیامِ حسینیؑ کی یاد میں منعقد ہونے والی عزاداری اور سوگواری کی تقریبات کے باقاعدہ آغاز کی علامت ہے اور اسی کے ساتھ ماہِ محرم الحرام کا استقبال کیا جاتا ہے۔
ہر سال محرم کے آغاز پر حرمِ امام حسینؑ کے گنبد پر نصب سرخ پرچم کو سیاہ پرچم سے تبدیل کیا جاتا ہے، جو امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے غم و سوگ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس روح پرور اور تاریخی تقریب میں عراق سمیت دنیا بھر سے لاکھوں زائرین شرکت کرتے ہیں۔/
4358237