قاہرہ میں عثمانی دور کے نایاب قرآن کریم کی نمائش

IQNA

قاہرہ میں عثمانی دور کے نایاب قرآن کریم کی نمائش

7:16 - June 20, 2026
خبر کا کوڈ: 3520346
ایکنا: قاہرہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے میوزیم نے نئے ہجری سال کی آمد کے موقع پر اپنے قیمتی ترین نوادرات میں سے ایک نادر اور نفیس خطی قرآنِ کریم کو عوامی نمائش کے لیے پیش کیا ہے۔

ایکنا نیوز- روزنامہ "الوطن" کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام میوزیم کے ثقافتی اور تعلیمی پروگراموں کے تحت رسول اکرم ﷺ کی ہجرت کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ہجرتِ نبویؐ ایک تاریخی واقعہ ہے جسے اسلامی قمری تقویم کا نقطۂ آغاز سمجھا جاتا ہے اور اسلامی تاریخ و تہذیب میں اسے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

ہجری قمری تقویم کا آغاز 622 عیسوی میں رسول اللہ ﷺ کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت کے واقعے سے منسلک ہے۔ یہ ایک فیصلہ کن مرحلہ تھا جس نے اسلامی معاشرے اور ریاست کی بنیاد رکھی اور مسلمانوں کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔

اسی مناسبت سے قاہرہ ایئرپورٹ میوزیم نے قرآنِ کریم کا ایک نایاب اور قیمتی خطی نسخہ نمائش کے لیے پیش کیا ہے، جس کی کتابت 954 ہجری قمری (1548 عیسوی) میں کی گئی تھی۔

یہ مصحف روشنائی سے کاغذ پر تحریر کیا گیا ہے اور اسلامی فنِ تذہیب و تزئین کے نفیس نمونوں سے آراستہ ہے۔ اس شاہکار پر معروف خطاط احمد بن جلیانی کے دستخط موجود ہیں اور اسے عثمانی دور کے اسلامی فنِ خطاطی اور کتاب آرائی کے نمایاں نمونوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

نمائش میں زائرین کو قرآنِ کریم کی تدوین اور جمع و ترتیب کی تاریخ کے مختلف مراحل سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے، جس سے انہیں اسلامی علمی ورثے کے بارے میں بہتر فہم حاصل ہوتی ہے۔

اس نفیس قرآنِ کریم کی نمائش مصر کے عجائب گھروں کے اس ثقافتی اور تعلیمی کردار کا حصہ ہے جس کا مقصد اسلامی اور تہذیبی ورثے کو متعارف کرانا اور محفوظ رکھنا ہے۔

میوزیم کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے تاریخی اور مذہبی نوادرات ملکی و غیر ملکی زائرین کو عالمِ اسلام کی دینی، ثقافتی اور فنی تاریخ کے اہم پہلوؤں سے روشناس کرانے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔/

 

4358903

نظرات بینندگان
captcha