ایکنا نیوز- العین نیوز کے مطابق مقابلے کی انتظامیہ نے بتایا کہ رجسٹریشن کے ابتدائی دو ہفتوں کے دوران موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ 28 ادوار میں مجموعی طور پر موصول ہونے والی 5 ہزار 618 درخواستوں (105 ممالک سے) کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ ہے۔
یہ غیر معمولی استقبال اس جامع وژن کی شاندار کامیابی کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد "دنیا کی خوبصورت ترین قرآنی آواز کا انتخاب" ہے۔ اس منصوبے کا آغاز شیخ محمد بن راشد آل مکتوم، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران نے کیا تھا۔
اس وژن نے اس ایوارڈ کے عالمی اثرات اور مسابقتی معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے اور دبئی کو قرآن کریم کی خدمت کے ایک عالمی اور نمایاں مرکز کے طور پر مزید مستحکم کیا ہے۔
دبئی کے محکمۂ اسلامی امور و فلاحی سرگرمیوں کے ڈائریکٹر جنرل اور دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین احمد درویش المہیری نے کہا کہ مختلف براعظموں سے قرآنی صلاحیتوں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ دبئی کا تہذیبی اور روحانی پیغام دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر لوگوں تک پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختصر مدت میں 120 ممالک سے 12 ہزار سے زائد امیدواروں کی رجسٹریشن اس ایوارڈ پر عالمی اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
رپورٹ کے مطابق، مقابلے میں شرکت کے اعلان کو دنیا کے مختلف براعظموں میں زبردست پذیرائی ملی ہے، جبکہ عرب ممالک، مشرق وسطیٰ، افریقہ، ایشیا، یورپ اور امریکہ میں آباد عرب اور مسلم برادریوں سے بھی بڑی تعداد میں امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
اس مقابلے کے لیے تاریخِ قرآنی مسابقات کی سب سے بڑی مجموعی نقد انعامی رقم مختص کی گئی ہے، جس کی مالیت ایک کروڑ 20 لاکھ اماراتی درہم سے زیادہ ہے۔
مردوں کے شعبے (16 سال یا اس سے زیادہ عمر) میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو 10 لاکھ امریکی ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق، غیر معمولی دلچسپی کے پیش نظر اس مقابلے کے لیے رجسٹریشن 15 اگست 2026ء تک جاری رہے گی، اور امیدوار ایوارڈ کی سرکاری ویب سائٹ quran.gov.ae کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔/
4367602