عراق میں اربعین بارے قرآنی اسٹیشنز کے انتظامات کے لیے ابتدائی اجلاس منعقد

IQNA

عراق میں اربعین بارے قرآنی اسٹیشنز کے انتظامات کے لیے ابتدائی اجلاس منعقد

11:41 - July 27, 2026
خبر کا کوڈ: 3520505
1
ایکنا: حضرت عباسؑ کے روضۂ مبارک کے قرآن علمی مرکز نے عراق میں اربعین 2026 کے موقع پر قائم کیے جانے والے قرآنی اسٹیشنز کی تنظیم اور انتظامات کے حوالے سے ایک ابتدائی اجلاس منعقد کیا۔

ایکنا نیوز- الکفیل کے مطابق، یہ اجلاس اربعین کے دوران قرآنی اسٹیشنز کے منصوبے کے ابتدائی مرحلے کا حصہ تھا، جو مرکز قرآن نجف کے تعاون سے زائرین کے کربلا معلیٰ کی جانب پیدل سفر کے دوران منعقد کیے جانے والے قرآنی پروگراموں کی تیاری کے لیے منعقد ہوا۔

اجلاس کا آغاز منصوبے کے ذمہ دار شیخ مہدی قلندر کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے اربعین کے دوران میدانِ عمل میں خدمات انجام دینے کے طریقۂ کار، تربیتی نکات اور زائرین میں قرآنی ثقافت کے فروغ کے لیے قرآنی اسٹیشنز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اجلاس کے ایجنڈے میں تنظیمی ہدایات، منصوبے کے نفاذ کے طریقۂ کار اور انتظامی امور کا جائزہ شامل تھا۔

بعد ازاں، محمد علی رشید، سربراہ شعبۂ تلاوت، قرآن علمی مرکز نجف، نے قرآنی اسٹیشنز کے عملی انتظامات اور آپریشنل طریقۂ کار کی تفصیلات پیش کیں، جبکہ شعبۂ معیار و کارکردگی کے نمائندے نعمہ الاسدی نے منصوبے کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے اختیار کیے گئے معیارات اور عملی ضوابط پر بریفنگ دی۔

محمد علی رشید نے بتایا کہ اجلاس میں قرآنی اسٹیشنز کے منصوبے کے نگرانوں اور منتظمین سمیت 35 اساتذہ اور قراء کرام نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اساتذہ اور قراء نجف اشرف، اس کے مضافات اور گرد و نواح میں قائم سات قرآنی اسٹیشنز کی نگرانی کریں گے، جہاں اربعین کے دوران امام حسینؑ کے زائرین کے لیے مختلف قرآنی پروگرام، محافلِ تلاوت اور تعلیمی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔

یہ اجلاس مرکز قرآن نجف کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ اربعین کے ایام میں زائرین کو منظم اور جامع قرآنی خدمات فراہم کی جائیں، منصوبے میں شریک افراد کی تیاری کو بہتر بنایا جائے اور منظور شدہ نظام کے مطابق قرآنی اسٹیشنز کے انتظامی طریقۂ کار کو مزید واضح کیا جائے۔

واضح رہے کہ اربعین قرآنی اسٹیشنز منصوبہ ہر سال اربعین کے عظیم پیدل مارچ کے مرکزی راستوں پر قائم کیا جاتا ہے، جہاں محافلِ قرآن، درست تجوید کے ساتھ قرآن کریم کی تعلیم اور دیگر قرآنی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان مراکز سے ہر سال ہزاروں زائرین، خصوصاً بچے اور ایسے افراد جو قرآن سیکھنے کے خواہش مند ہوں یا پہلے تعلیم سے محروم رہے ہوں، مستفید ہوتے ہیں۔/

 

4366210

نظرات بینندگان
captcha