ایکنا نیوز- الشبیبہ نیوز کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ ان مقابلوں میں تقریباً 2 ہزار 214 مرد و خواتین شریک ہوں گے۔ یہ مقابلے سلطان قابوس مرکز برائے ثقافت و علوم کی نگرانی میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔
منتظمین کے مطابق ان مقابلوں کے انعقاد کا مقصد معاشرے میں روحانی اقدار کو فروغ دینا، قرآنی مہارتوں کو نکھارنا، صحت مند قرآنی مسابقت کی حوصلہ افزائی کرنا، قرآن کریم سے وابستگی کو مضبوط بنانا اور باصلاحیت و نوآموز حفاظ کی سرپرستی کرنا ہے۔
اس مقابلے میں حفظِ قرآن کی سات کیٹیگریز شامل ہیں:
مکمل قرآن کریم کا حفظ؛
مسلسل 24 پاروں کا حفظ؛
مسلسل 18 پاروں کا حفظ؛
مسلسل 12 پاروں کا حفظ (2001ء یا اس کے بعد پیدا ہونے والوں کے لیے)؛
مسلسل 6 پاروں کا حفظ (2012ء یا اس کے بعد پیدا ہونے والوں کے لیے)؛
مسلسل 4 پاروں کا حفظ (2016ء یا اس کے بعد پیدا ہونے والوں کے لیے)؛
مسلسل 2 پاروں کا حفظ (2019ء یا اس کے بعد پیدا ہونے والوں کے لیے)۔
رواں سال جبل الاخضر اور دماء والطائیین کے دو نئے مراکز شامل کیے جانے کے بعد ابتدائی مرحلے کی انتظامی کمیٹی عمان کے مختلف صوبوں میں قائم 28 مراکز کا دورہ کرے گی، جہاں یہ مقابلے منعقد ہوں گے۔
34ویں سلطان قابوس قومی مقابلۂ قرآن کے لیے رجسٹریشن 21 اپریل 2026 سے شروع ہوئی تھی اور 7 جولائی (16 تیر) تک جاری رہی۔
یہ مقابلے پہلی بار 1992ء میں تین شعبوں کے ساتھ شروع کیے گئے تھے۔ ان کا مقصد حفظِ قرآن کی حوصلہ افزائی، قرآن کریم کی تعلیمات اور ہدایات پر عمل کی ترغیب، معاشرے میں مؤثر کردار ادا کرنے والی قرآنی نسل کی تربیت، اور ایسے ممتاز حفاظ تیار کرنا ہے جو بین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں سلطنتِ عمان کی نمائندگی کر سکیں۔
4367553