ایکنا نیوز- مصری میڈیا کے مطابق، 87 سالہ شیخ عوض عبداللہ الفردی پُروقار انداز اور ایسی دلنشین آواز کے ساتھ اسٹیج پر آئے، جس میں قرآن کریم سے دہائیوں کی وابستگی کی جھلک نمایاں تھی۔ انہوں نے ثابت کیا کہ قرآن کی حفظ و تعلیم کے لیے عمر کوئی رکاوٹ نہیں، بلکہ اہلِ قرآن ہر دور میں معاشرے کے لیے نمونہ اور ذریعۂ الہام رہتے ہیں۔
بحیرہ گورنری کے شہر ابو حمص سے تعلق رکھنے والے شیخ عوض کو پروگرام میں جیوری کی جانب سے خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ انہیں اضافی وقت بھی دیا گیا، جبکہ منصفین نے تجوید کے قواعد پر ان کی مکمل دسترس اور نہایت عمدہ اندازِ تلاوت کو سراہا۔
جیوری نے دیگر شرکاء کو بھی ترغیب دی کہ وہ اس تجربہ کار مصری قاری کے علمی تجربے اور قرآنی مہارت سے استفادہ کریں، جو قرآن کریم کی خدمت میں ان کی طویل جدوجہد اور علمی مقام کی عکاس ہے۔
شیخ عوض کی قرآنی زندگی آسان نہ تھی۔ وہ بچپن میں یتیم ہوگئے تھے اور معاشی حالات نے انہیں کم عمری ہی میں کھیتی باڑی پر مجبور کر دیا، جس کے باعث قرآن حفظ کرنے میں تاخیر ہوئی۔ تاہم بعد میں انہوں نے اپنی زندگی کا رخ بدلنے کا فیصلہ کیا اور قرآن کریم کو اپنی زندگی کا مقصد بنا کر حفظ، تلاوت اور تدبرِ قرآن کے لیے خود کو وقف کر دیا۔
انہوں نے صرف خوبصورت تلاوت پر اکتفا نہیں کیا بلکہ علومِ قرآن، علمِ تجوید اور مختلف قراءات کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی۔ وہ روزانہ تقریباً چھ گھنٹے قرآن کریم کی تلاوت اور دہرائی میں صرف کرتے رہے، یہاں تک کہ ابو حمص کے ممتاز اساتذۂ قرآن میں شمار ہونے لگے۔
شیخ عوض نے اپنے محلے میں بچوں کے لیے معمولی فیس پر قرآن حفظ کرنے کا مدرسہ قائم کیا اور ابو حمص کی مسجد التحریر میں امام و خطیب کے فرائض بھی انجام دیے۔
انہوں نے کئی برسوں کے دوران حفاظِ قرآن کی متعدد نسلیں تیار کیں اور بہت سے افراد کو پڑھنا لکھنا بھی سکھایا۔ ان کی شیریں آواز اور تجوید پر مضبوط گرفت نے انہیں پورے علاقے میں ممتاز مقام دلایا۔
شیخ عوض نے بتایا کہ انہوں نے اپنے شاگرد شیخ احمد عامر کی ترغیب پر پروگرام "دولتِ تلاوت" میں شرکت کی، جنہوں نے انہیں اس مقابلے میں رجسٹریشن کھلنے کی اطلاع دی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم قاری شیخ مصطفیٰ اسماعیل ان کے لیے دنیاۓ تلاوت کی سب سے بڑی شخصیت ہیں، کیونکہ ان کا منفرد انداز اور قرآنی مکتب مختلف نسلوں کے قراء پر گہرے اثرات چھوڑ چکا ہے۔
واضح رہے کہ مصر میں حال ہی میں شروع ہونے والے "دولتِ تلاوت" پروگرام کا دوسرا سیزن ملک کے مختلف صوبوں سے باصلاحیت قراء کی تلاش، تربیت اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔/
4365992