ایکنا نیوز- فنانیوز کے مطابق، استنبول ترک و عرب فنکاروں کی انجمن کی جانب سے دو روزہ تقریب "روایتهای نقاشی" (مصوری کی روایات) کے عنوان سے رامی لائبریری میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ممتاز ترک اور عرب فنکار شریک ہیں۔
افتتاحی تقریب میں ترکوں اور عربوں کے مشترکہ تمدنی کردار کو اجاگر کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ فن اور ثقافت کے میدان میں مشترکہ اقدامات مختلف اقوام کے درمیان مکالمے اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
نمائش میں فنونِ لطیفہ، بصری فنون اور اطلاقی فنون کے مختلف شاہکار پیش کیے گئے ہیں، جن میں آئل پینٹنگ، عربی خطاطی، مجسمہ سازی، مٹی کے برتن (سفال گری)، معرق کاری اور اسلامی روایتی فن تذہیب شامل ہیں۔
نمائش کی نمایاں تخلیقات میں ترک مصورہ اور تذہیب کی ماہر زینب سیہون کا شاہکار "پردۂ بابِ کعبہ" بھی شامل ہے، جس نے حاضرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
منتظمین کے مطابق اس نمائش کا مقصد ترکیہ اور عرب دنیا کے درمیان ثقافتی رشتوں کو مزید مضبوط بنانا اور فن کے ذریعے ایک تخلیقی اور مشترکہ تہذیبی شناخت کو فروغ دینا ہے۔ اس سلسلے میں فنکاروں سے ملاقاتیں، علمی سیمینار، ثقافتی پروگرام اور شام کے خصوصی فنّی اجتماعات بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔
یہ نمائش 5 مرداد تک جاری رہے گی، جس میں ترکیہ، تیونس، مراکش، مصر، شام، عراق، لبنان، یمن، فلسطین، کویت، سوڈان، متحدہ عرب امارات اور عمان کے فنکار اپنی تخلیقات پیش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فنِ تذہیب اسلامی روایتی فنون میں ایک ممتاز مقام رکھتا ہے۔ اس فن میں سونے کے پانی اور نفیس نقش و نگار کے ذریعے مخطوطات اور فن پاروں کو آراستہ کیا جاتا ہے، جس سے انہیں جمالیاتی حسن اور شاہانہ وقار حاصل ہوتا ہے۔
4366188