ایکنا نیوز- کربلاء الآن نیوز کے مطابق آستان مقدس امام حسینؑ سے وابستہ دارالقرآن الکریم کے استاد یاسر الطائی نے بتایا کہ دارالقرآن نے حوزۂ علمیہ نجف کے تعاون سے "یا حسین" روٹ پر واقع امام حسن مجتبیٰؑ زائرین ٹاؤن میں زائرین کے لیے "قرآنی اسٹیشنز" قائم کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اسٹیشنز کے قیام کا مقصد قرآنی ثقافت کو عام کرنا، زائرین کی تلاوت کی اصلاح، اربعین کے بابرکت ایام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قرآنی تعلیمات کو فروغ دینا اور زائرین کو بلا معاوضہ قرآنی خدمات فراہم کرنا ہے۔
یاسر الطائی کے مطابق ان مراکز میں مختلف نوعیت کی قرآنی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں ماہر اساتذہ کی نگرانی میں انفرادی نشستیں شامل ہیں، جہاں زائرین کو نماز میں پڑھی جانے والی سورۂ فاتحہ اور سورۂ اخلاص کی درست قراءت سکھائی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روزانہ قرآنی محافل بھی منعقد ہوتی ہیں جن میں دارالقرآن الکریم کے قراء شرکت کرتے ہیں، جبکہ کم عمر بچوں کی حفظِ قرآن اور تلاوت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔
الطائی نے مزید کہا کہ ان قرآنی اسٹیشنز پر فوری نوعیت کے قرآنی مقابلے اور مختصر امتحانات بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں کامیاب شرکاء کو متبرک تحائف پیش کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس قرآنی مرکز میں قرآنی آیات پر مشتمل عربی خطاطی کی نمائش بھی منعقد کی گئی، جبکہ ننھے بچوں کے لیے مختصر سورتوں کی تعلیم کا خصوصی پروگرام بھی جاری رہا۔ اس کے ساتھ ساتھ زائرین میں متبرک ہدایا بھی تقسیم کیے گئے، اور ایک خصوصی گوشہ زائرین کے قرآنی سوالات کے جوابات دینے کے لیے بھی مختص تھا۔
عراقی قرآنی شخصیت یاسر الطائی نے اس بات پر زور دیا کہ اس قرآنی اسٹیشن پر زائرین کی بھرپور آمد اور غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ انہوں نے مختلف عرب اور دیگر ممالک سے آنے والے وفود کی شرکت کو اربعین کے موقع پر قرآن کریم کے آفاقی پیغام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کی روشن علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قرآنی مراکز زائرین کی دینی رہنمائی اور خدمت میں نہایت مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔/
4367596