ایکنا نیوز- مسلمون حول العالم نیوز کے مطابق بلقان خطے کے ممالک کے چوتھے بین الاقوامی حفظ و تلاوتِ قرآن مقابلے 26 سے 29 جولائی 2026ء تک مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیہ میں منعقد ہوئے، جن میں 29 ممالک سے تقریباً 300 حفاظ اور قراء نے شرکت کی۔
کوسوو نے اپنی محدود جغرافیائی وسعت اور نئی آزادی کے باوجود قرآن کریم کی تعلیم اور حفاظ کی تربیت کے میدان میں یورپ کے ایک نمایاں اور کامیاب نمونے کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھی ہے۔
یورپ میں مسلمانوں کی اکثریتی آبادی رکھنے والے اس ملک میں مشیختِ اسلامی کوسووو کے زیرِ نگرانی قرآنی تعلیم کا منظم نظام قائم ہے، جس کے طلبہ اور قراء مسلسل بین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
اسکوپیہ میں ہونے والے ان مقابلوں نے ایک بار پھر کوسووو کی برتری ثابت کی، جہاں اس کے وفد نے مجموعی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 29 شریک ممالک میں بہترین مجموعی کارکردگی کا اعزاز حاصل کیا۔
حافظ آلبان دالی نے حفظِ کاملِ قرآن کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے اس ایونٹ کی سب سے نمایاں کامیابی اپنے نام کی، جبکہ وفد کے دیگر ارکان نے بھی مختلف زمروں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔
10 پاروں کے حفظ کے مقابلے میں سمرہ باشانی نے طالبات کے شعبے میں دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ماریگونا میلووا اور ہانا مالوکو مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہیں۔
پانچ پاروں کے حفظ کے مقابلے میں محمد مورینا نے طلبہ کے شعبے میں تیسری اور داریا سمایلی نے طالبات کے شعبے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
دو پاروں کے حفظ کے مقابلے میں امرا شالا نے طالبات کے شعبے میں پہلی جبکہ آدونیس جیمالی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
تلاوتِ قرآن کے مقابلے میں عمار ہوخا دوسرے، یونس باجازیتی تیسرے اور طالبات کے شعبے میں ریانا ایوازی دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
کوسوو کی مشیختِ اسلامی کے نمائندے مصطفیٰ آفندی دالکو بین الاقوامی جیوری کے رکن تھے۔ انہوں نے مقابلے کے اعلیٰ علمی معیار اور شرکاء کے درمیان انتہائی سخت مقابلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ منصفین نے جانچ کے عمل میں دقت، شفافیت اور انصاف کے اعلیٰ ترین اصولوں کو ملحوظ رکھا۔
جیوری کے سربراہ سامی العواجی اور دیگر ججوں نے بھی کوسووو کے وفد کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وفد نے مقابلوں میں بہترین مجموعی نتائج حاصل کیے۔ ان کے مطابق، کوسووو کے نمائندوں کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہاں کے قرآنی تعلیمی ادارے اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔/
4367621