ایکنا نیوز- بلوچستان کے دارلحکومت کویٹہ میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے رمضان المبارک اور وحدت اسلامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالمتین اخوندزادہ نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں سیمت مسلم ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی بھی قابل مذمت ہے ۔
سیمینار سے شیعہ اور سنی علماء نے اپنی تقاریر میں اسرائیلی مظالم کو شرمناک قرار دیا اور عالم اسلام سے اتحاد کا مطالبہ کرتے ہوئے ان مظالم کے خلاف عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔
اس سیمینار کے آخر میں ایک قرار داد کے زریعے سے کہا گیا کہ فلسطینی عوام فتح تمھاری ہے اور شکست دشمن کا مقدر ہے۔ قرارداد میں اقوام عالم اور اسلامی ممالک سے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
اس سیمینار سے شیعہ سنی علماء کے علاوہ ، ایرانی قونصل جنرل سید حسن یحیوی، ڈایریکٹر خانہ فرہنگ سید ابوالفضل حسینی اور معروف کالم نگار امان اللہ شادیزئی نے بھی خطاب کیا۔