ایکنا نیوز- پاکستان کے معروف اہلسنت عالم دین قاضی احمد نورانی نے کہا ہے کہ ایران کے شہر قم میں تکفیریت اور انتہا پسندی کے خلاف جاری کانفرنس سے عالمی کفر کی جانب سے عالم اسلام کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں ناکام ہوجائیں گی۔ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور معروف پاکستانی اہلسنت عالم دین، قاضی احمد نورانی نے آج ریڈیو تہران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میں کہ جب، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف عالمی سطح پر سازشیں ہورہی ہیں، ایران کی جانب سے اس قسم کی کانفرنس کا انعقاد، وقت کی ضرورت کے ساتھ ساتھ مفید، اہم اور ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر دوسرے ممالک بھی اس قسم کی کانفرنس منعقد کریں تو بلاشبہ دشمنان اسلام کی تمام سازشوں کو بآسانی بےنقاب اور انھیں ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ معروف پاکستانی اہلسنت عالم دین قاضی احمد نورانی کا کہنا تھا کہ عالمی استکبار تکفیری گروہوں کی انتہا پسندی اور تخریب کاری سے متعلق کاروائیوں کی فلمیں بناکر مغرب میں انھیں اسلام کے خلاف استعمال، اور یہ دکھانے کی کوشش کرتا ہے کہ اسلام، ایک انتہا پسند دین ہے۔