امام حسین (ع) سے عقیدت و محبت اہل ایمان کا مشترکہ سرمایہ اور اثاثہ ہے، ملی یکجہتی کونسل

IQNA

امام حسین (ع) سے عقیدت و محبت اہل ایمان کا مشترکہ سرمایہ اور اثاثہ ہے، ملی یکجہتی کونسل

8:12 - December 13, 2014
خبر کا کوڈ: 2617841
بین الاقوامی گروپ: امام حسین علیہ السلام سے عقیدت و محبت اہل ایمان کا مشترکہ سرمایہ اور اثاثہ ہے۔ میدان کربلا میں دی جانے والی قربانیاں قیامت تک کے لیے زندہ رہنے والی تاریخ ہے۔ آپس میں اتحاد، اتفاق اور برداشت کے ماحول کو قائم رکھنے میں تمام علماء اپنا کردار ادا کریں۔

ایکنانیوز- شفقنا- امام حسین علیہ السلام سے عقیدت و محبت اہل ایمان کا مشترکہ سرمایہ اور اثاثہ ہے۔ میدان کربلا میں دی جانے والی قربانیاں قیامت تک کے لیے زندہ رہنے والی تاریخ ہے۔ تمام مسالک کے علماء اور دینی جماعتیں خاندان رسالت سے محبت پر ایمان رکھتی ہیں اور یہ ایمان مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی مضبوط بنیاد ہے۔ اسلام دشمن قوتو ں کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے فروعی چیزوں کو ابھار کر مسلمانوں کے مابین وسیع البنیاد اتفاق کو مجروح کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نے چہلم سید الشہداء کے عنوان سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ محرم الحرام میں عاشورا کے موقع پر امن و امان اسی لیے ممکن ہوا کہ سب گروہوں نے برداشت کا رویہ اپنایا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ چہلم امام حسین علیہ السلام پر بھی اسی جذبہ سے کام لیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ آپس میں اتحاد، اتفاق اور برداشت کے ماحول کو قائم رکھنے میں تمام علماء اپنا کردار ادا کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ امام حسین علیہ السلام نے ظلم کے خلاف قیام کیا لہٰذا ہمیں بھی ظلم کے خلاف قیام کرنا چاہیے۔ یہ بیان مرکزی سیکریٹری جنرل اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل کے مابین ہونے والی ایک اہم ملاقات میں جاری کیا گیا۔ اس ملاقات میں طے پایا کہ ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ماہ ربیع الاول میں رحمة للعالمین کانفرنسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ان کانفرنسوں میں ملک کی مذہبی و سیاسی قیادت کے علاوہ دیگر مذاہب کے افراد کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس موقع پر ممتاز دینی شخصیت اور جمعیت علمائے اسلام کے راہنما ڈاکٹر خالد سومرو کی المناک شہادت پر بھی اظہار افسوس کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام 23 دسمبر 2014ء کو اسلام آباد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے راہنما مرحوم کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

38526

نظرات بینندگان
captcha