داغستانی فنکار کی جانب سے کتابت قرآن کا تجربہ+ ویڈیو

IQNA

داغستانی فنکار کی جانب سے کتابت قرآن کا تجربہ+ ویڈیو

6:49 - June 10, 2026
خبر کا کوڈ: 3520312
ایکنا: روس کے جمہوریہ داغستان سے تعلق رکھنے والے معروف خطاط سلیمان آشیرلایف نے ایک روحانی اور منفرد تجربے کے تحت پورے قرآن کریم کو اپنے ہاتھ سے خوشخطی کے ساتھ تحریر کیا ہے۔

ایکنا نیوز- الجزیرہ نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلیمان آشیرلایف عربی خطاطی (مسلمان خطاط) اور اسلامی آرائش و تذہیب کے فن میں 35 سال سے زائد تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مکمل قرآن کریم کی کتابت کا عظیم کارنامہ انجام دیا ہے، جو حالیہ دہائیوں میں اس خطے میں ایک نادر کامیابی سمجھی جاتی ہے۔

سلیمان داغستان میں مساجد کی آرائش اور تذہیب کے حوالے سے خاص شہرت رکھتے ہیں اور مذہبی و ثقافتی حلقوں میں انہیں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ عربی خطاطی کے فن کے تحفظ اور فروغ کے لیے ان کی طویل خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد مقامی اعزازات اور انعامات بھی مل چکے ہیں۔

آشیرلایف نے الجزیرہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا عربی خوشنویسی سے تعلق بچپن ہی میں قائم ہوگیا تھا، جب وہ پہلی مرتبہ عربی حروف کی خوبصورتی اور ساخت سے متاثر ہوئے۔

انہوں نے برسوں کے دوران داغستان اور دیگر علاقوں کی درجنوں مساجد کو اپنے فن سے مزین کیا۔ مکمل قرآن کریم کی کتابت کا آغاز کرنے سے قبل وہ 100 سے زائد مساجد کی تذہیب اور آرائش میں حصہ لے چکے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا بیشتر وقت قرآن کریم کی کتابت کے لیے وقف کر دیا تھا۔ نمازوں اور دیہات کی ضروری مصروفیات کے علاوہ روزانہ مسلسل کام کرتے ہوئے اس عظیم منصوبے کو مکمل کرنے میں چار ماہ اور انیس دن لگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے لوگ قدیم قرآنی نسخے ان کے پاس تشخیص اور قیمت معلوم کرنے کے لیے لاتے ہیں، لیکن ان کے نزدیک کسی بھی قرآنی نسخے کی اصل قدر اس کی خطاطی کے حسن اور ان فنی اصولوں کی پابندی میں ہے جو صدیوں کے دوران عظیم اساتذۂ خوشنویسی نے وضع کیے ہیں۔

آشیرلایف نے قرآن کریم کو خطِ ثلث میں تحریر کرنے کا فیصلہ کیا، جو عربی خوشنویسی کی سب سے پیچیدہ اور خوبصورت اقسام میں شمار ہوتا ہے۔ یہی خط کعبہ معظمہ کے غلاف اور قرآنی آیات کی تزئین میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے الجزیرہ کو بتایا کہ اس خط کے انتخاب کا مقصد ایک ایسا شاہکار تخلیق کرنا تھا جو داغستان اور پورے قفقاز کے مسلمانوں کے قرآن کریم سے گہرے تعلق کی عکاسی کرے۔/

 

ویڈیو کا کوڈ

4356953

نظرات بینندگان
captcha