شہزادی کونین جناب فاطمہ سلام اللہ علیھا کے غم میں کائنات سوگوار

IQNA

شہزادی کونین جناب فاطمہ سلام اللہ علیھا کے غم میں کائنات سوگوار

7:48 - March 24, 2015
خبر کا کوڈ: 3032995
بین الاقوامی گروپ:شہزادی کونین صدیقہ طاہرہ جناب فاطمہ زہراسلام اللہ علیھا کی شہادت کی مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایران سوگوار و عزادار ہے جبکہ دنیا کے مختلف علاقوں میں بی بی دوعالم کا غم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

ایکنا نیوز- ایران ریڈیو کے مطابق دختر رسول جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے ایام شہادت کی مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایران سیاہ پوش وعزادار ہے اور ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا اور نوحہ ماتم کا سلسلہ جاری ہے -عزاداری کے مرکزی اجتماعات مشہدمقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام کے حرم مطہر میں ہورہے ہیں جہاں لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سوگوار شہزادی کونین کی مظلومانہ شہادت پر ان کا غم منارہے ہیں - معصومہ کونین کے ایام شہادت میں پورے ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں سے بہت بڑی تعداد میں زائرین مشہد مقدس پہنچے ہوئے ہیں - ایران کے مختلف شہروں کے ماتمی دستے بھی مشہد مقدس پہنچ چکے ہیں جو بنت رسول کی شہادت پر نوحہ و ماتم میں مصروف ہیں - ایران کے ایک اور مذہبی شہر قم میں بھی جناب معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حرم میں عزاداروں اور زائرین کا سیلاب ہے جو ایام فاطمیہ میں شہزادی کونین کا غم منارہاہے - قم میں بھی ایران کے سبھی شہروں اور اسی طرح دنیا کے مختلف ملکوں سے آئے ہوئے زائرین صدیقہ طاہرہ کی مظلومانہ شہادت پر نوحہ وماتم میں مصروف ہیں جبکہ جناب معصومہ قم کے حرم کی انتظامی کمیٹی کی طرف سے فارسی کے ساتھ ساتھ مختلف زبانوں منجملہ اردوزبان میں بھی مجالس عزا کا خاص اہتمام کیا گیا ہے جوگذشتہ سنیچر کی رات سے باقاعدہ شروع ہوچکی ہیں - قم میں حرم مطہر کی انتظامی کمیٹی کی طرف سے اردوزبان میں جن مجالس کا اہتمام کیا گیا ہے ان کے لئے ہندوستان اورپاکستان کے ممتاز علما و ذاکرین اور نوحہ خوانوں کو بھی دعوت دی گئی ہے - دارالحکومت تہران میں بھی تمام امام بارگاہوں اور مساجد میں مختلف انجمنوں کی طرف سے مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جبکہ تہران میں مجالس عزا کے مرکزی پروگرام حضرت عبدالعظیم علیہ السلام اور دیگر امام زادوں کے روضوں میں ہورہے ہیں جن میں بڑی تعداد میں پیروان اہلبیت عصمت و طہارت شریک ہیں - منگل تین جمادی الثانی کو بھی تہران کے کئی مرکزی مقامات پر مجالس عزا اور سوگواری کے بڑے بڑے اجتماعات ہورہے ہیں جن میں دسیوں لاکھ کی تعداد میں سوگوار شرکت کر رہے ہیں - دوسری جانب عراق پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ ایام فاطمیہ کی مناسبت سے جگہ جگہ مجالس غم کا سلسلہ جاری ہے - نجف اشرف، کربلائے معلی اور کاظمین میں سوگواروں اور زائرین کی بہت بڑی تعدادموجود ہے جو شہزادی کونین کی مظلومانہ شہادت پر آئمہ اطہار علیھم السلام کو پرسہ دے رہی ہے - پاکستان سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس میں ذاکرین و علما کرام شہزادی کونین کے فضائل و مناقب پر روشنی ڈال رہے ہیں - اسلام آباد راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور، حیدرآباد ،کویٹہ، مظفرآباد اور شمالی علاقہ جات میں مرکزی مجالس عزا کاانعقاد کیا گیاہے اس موقع پر مختلف شہروں میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں - جبکہ ہندوستان میں بھی سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ جاری ہے - لکھنو، ممبئی، حیدرآباد، دہلی، کرگل اور سری نگر میں بھی اس مناسبت سے مرکزی مجالس عزا جاری ہیں ۔ ادھر ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع چندولی کے قصبے دولہی پور میں آل انڈیا بیت الحزن کمیٹی کی جانب سے سہ روزہ مجالس ایام فاطمیہ کا سلسلہ جاری ہیں جن میں ہندوستان کے گوشہ وکنار سے پہنچے ہوئے علما اور ذاکرین شہزادی کونین کے فضائل و مناقب پر روشنی ڈال رہے ہیں -

67287

ٹیگس: فاطمہ ، مجالس ، شہادت
نظرات بینندگان
captcha