ایکنا نیوز- شفقنا- ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کا اجلاس 6 اپریل 2015ء کو منصورہ، لاہور میں کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کی سربراہی میں منعقد ہوا، اس اجلاس میں کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی، رابطہ المدارس اور جمعیت اتحاد پاکستا ن کے سربراہ مولانا عبدالمالک، وفاق المدارس شیعہ کے نائب صدر قاضی نیاز حسین نقوی، جمعیت اہل حدیث کے ناظم اعلیٰ حافظ ابتسام الہی ظہیر، جمعیت علما ئے پاکستان کے ناظم اعلیٰ پیر سید محمد محفوظ مشہدی، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی، تحریک فیضان اولیا کے سیکرٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر، جماعت اسلامی کے نائب امیر اور ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو، جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید پراچہ، تنظیم اسلامی کے مرکزی رہنما ایوب خاور، شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر مظہر علوی، ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد خان لغاری، اسلامی نظریاتی کونسل سفارشات کمیشن کے کنوینر ڈاکٹر عابد رؤف اوکرزئی، مولانا عامر صدیق، حاجی ابو شریف، جسٹس نذیر اختر، حافظ محمد ادریس، خلیل قادری ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
اس اجلاس میں ممتاز قادری کے بارے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، علاوہ ازیں پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے بارے میں عوام اور علماسے رابطہ مہم کو فعال تر کرنے کے لئے متعدد فیصلہ جات کئے گئے، کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال تشویش ناک ہے۔ سعودی عرب اور یمن کے درمیان تنازعہ کا حل جنگ نہیں مذاکرات اور مصالحت ہے۔ پاکستان عالم اسلام کا اہم ترین ملک اور واحد ایٹمی طاقت ہے۔ اسے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے، یمن سعودی عرب کے مابین تنازعہ کو حل کرنے میں مصالحت کے لئے پیش قدمی کرنی چاہیے، پاکستان کو پاک افواج کو یمن میں مداخلت کے لئے استعمال نہیں کیاجانا چاہیے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ یمن کے متحارب قبائل سے رابطہ کر کے ان کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے کوشش کرے۔
علماء اور عوام سے رابطوں کے حوالہ سے اجتماعات اور کانفرنسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا اس سلسلہ میں کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے 10اپریل 2015ء کو اسلام آباد میں علمائے اسلام کے انعقاد کا اعلان کیا اور تمام مذہبی جماعتوں کے رہنماوں اور علمائے کرام کو اس میں شرکت کی دعوت دی کونسل نے علامہ ساجد نقوی کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان سے بھرپور تعاون کا فیصلہ کیا۔ نیز یہ بھی فیصلہ کیا کہ ایسے ہی اجتماعات ملک کے مختلف صوبوں اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر منعقد کئے جائیں گے۔ علامہ ساجد نقوی نے بتایا کہ علمائے اسلام کانفرنس امت اسلامیہ میں اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہو گی۔