ایکنا نیوز- دنیا بھر کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق منگل سے ہی پاکستان،عراق، افغانستان اور کئی یورپی ممالک سمیت ایران بھر بالخصوص مشہد مقدس اور قم المقدس میں امام مہدی (عج) کے یوم ولادت باسعادت کا جشن منایاجارہا ہے۔ تہران میں اس مناسبت سے جگہ جگہ محفل میلاد کا انقعاد کیا گیا ہے اور مٹھائیاں و شربت تقسیم کئے جارہے ہیں۔
عراق، پاکستان اور ایران کی گلی کوچوں اور سڑکوں پر سبیلیں لگی ہوئی ہیں عمارتوں پرچراغاں کیاگیا ہے اور پورے شہر میں جشن ومسرت کا ماحول ہے ۔
ایران کے مقدس شہر قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم اور مسجد جمکران پر اس مناسبت سے خاص پروگراموں کا انعقاد کیاگیا جس میں ایران کے مختلف شہروں اور قریوں سے لاکھوں مومنین شرکت کے لئےآئے ہوئے ہیں۔
مشہدمقدس سے ملنے والی خبروں کے مطابق فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضاعلیہ السلام کے حرم مطہر میں بڑی تعداد میں زائرین موجود ہیں اور امام زمانہ کی ولادت باسعادت کا جشن منا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پندرہ شعبان دو سوپچپن ہجری قمری میں فرزندرسول منجی عالم بشریت امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت ہوئی۔